اسلا م آباد ، لاہور، ملتان، کراچی، پشاور، کوئٹہ ، واشنگٹن،ریاض (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید53افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد10311ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2272نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد486634ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد35663ہو گئی،1784مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ440660صحتیاب ہو چکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید24مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ847نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 511،راولپنڈی61،فیصل آباد 28، اوکاڑہ34اورجہلم میں 12 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ میں کوروناوائرس کی نئی قسم کے کیس رپورٹ ہونے کی تردید کردی۔ برطانیہ میں پھیلی ہوئی کورونا کی نئی قسم کے حوالے سے محکمہ صحت پنجاب نے کہا کہ صوبہ میں اسکا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ برطانیہ سے آئے افراد کا کورونا پازیٹو آنے پر انکے نمونے جین سیکونسنگ کیلئے این آئی ایچ بھجوائے جاتے ہیں۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے بتایا کہ نجی ہوٹل میں کورونا پازیٹو آنیوالی خاتون کی جین سیکونسنگ نہیں ہوئی۔ بغیر جین سیکونسنگ کورونا وائرس کی قسم کوڈکلیئر کرنا ممکن نہیں اورضروری نہیں برطانیہ سے متاثر ہو کر آنیوالے مریضوں میں نئی قسم کا وائرس ہو۔ جین سیکونسنگ کے نتائج آنے پر ہی پنجاب میں کورونا کی نئی قسم کی موجودگی کی تصدیق ہو سکے گی۔نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا میں مبتلا مزید3 مریض جاں بحق ہو گئے جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 48 ہو گئی۔پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظرلاہور کے 8علاقوں جبکہ گوجرانوالہ اور ملتان کے مزید ایک ایک علاقہ میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کر دیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں پریس کلب سوسائٹی بلاک Dکے گھر نمبر301سے 310تک،عثمان گلی جناح پارک ہربنس پورہ،شاہرہ امام حسین گلبرگ میں 141-EIسے 27EIاور 18EIسے 37EIاور 20C2سے 50C2مین غالب روڈ تک کے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔نشتر ٹاؤن میں گھر نمبر 64سے 74Dاور سیزبلاک،پاکستان فاؤنڈیشن سوسائٹی،218Fسے 230Fڈی ایچ اے رہبر اور482M1سے 494M1لیک سٹی اور گلی احمد میراج مین جی ٹی روڈ سنگ پورہ کے علاقوں کو بھی بند کر دیا گیا۔ ملتان میں ارم کالونی نزد ابو بکر مسجداشرف کالونی میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ۔گوجرانوالہ میں گلی نمبر 2فیز 1راہوالی کینٹ کو بھی بند کر دیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید17کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ961 نئے کیسزمیں سے 791کراچی سے سامنے آئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا اورپشاور میں مزید 4ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی جن میں کے ٹی ایچ ایچ نفرالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر عامر اظہر اور انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کے 3ڈاکٹرشامل ہیں، چاروں کو قرنطینہ کردیا گیا ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں18لاکھ48ہزارسے زائد ہو گئیں۔معروف امریکی ٹی وی میزبان لیری کنگ بھی کورونا کی وبامیں مبتلا ہوگئے جس پرانہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ 87 سالہ لیری کنگ پھیپھڑوں کے کینسر، ذیابیطس اور دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا ہیں، انہوں نے 7 شادیاں کیں۔نامور بھارتی فلمساز و پروڈکشن ہاؤس کے پی فلمز کے مالک کے بالو کورونا کے علاج کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے ، وہ چنئی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔سعودی عرب نے اپنی سرحدیں کھولنے کیساتھ بین الاقوامی پروازیں بھی بحال کردیں۔ کورونا وائرس کی نئی شکل سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے بیرون ملک آمدورفت پر پابندی عائد کردی تھی جو اب ختم کردی گئی ہے ۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب سرحدیں بند رکھنے کے فیصلے میں مزید توسیع کی ضرورت نہیں ،لہٰذا تمام بین الاقوامی پروازیں اور سمندری راستوں سے آمد ورفت بحال کردی گئی۔ناگزیر حالات اورانسانی بنیادوں پر آنیوالوں کو14 دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔جرمنی میں کورونا وبا سے بچائو کیلئے لاگو لاک ڈائون کی مدت بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ۔تاہم یہ طے ہونا باقی ہے کہ آیا 10 جنوری کے بعد لاک ڈائون دو یا تین ہفتوں کیلئے بڑھایا جائے ۔ جرمن ریاستوں میں ابھی تک سکول اور کنڈرگارٹن کھولنے کے معاملے پر اتفاق رائے نہیں ہے ۔ برطانیہ میں کورونا کیسز نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔رائل کالج آف فزیشنز کے صدر پروفیسر گوڈارڈ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ برطانیہ بھر کے ہسپتال الرٹ رہیں کیونکہ کورونا مریضوں کے دبائو کا سامنا ہوسکتا ہے ۔برطانیہ میں کی گئی نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ کورونا کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے اور تمام عمر کے افراد متاثر ہوسکتے ۔