لاہور،ملتان ، اسلام آباد،پشاور ( جنرل رپورٹر ،سٹاف رپورٹر ، سپیشل رپورٹر ، نمائندگان ،92 نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید74افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3138 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ایک دن میں کورنا وائرس نے مزید 74 افراد کی جان لے لی، اموات کی مجموعی تعداد 4035 ہو گئی۔3138 نئے کیس سامنے آنے کے بعد مصدقہ کیس 198883ہو گئے ۔ ابتک 86906مریض صحتیاب ہوچکے ۔ سندھ76318 ، پنجاب 72880 ، خیبرپختونخوا 24943 ،اسلام آباد12206 ، بلوچستان 10116 ، گلگت بلتستان 1417جبکہ آزاد کشمیر میں کورنا مریضوں کی تعداد1003 ہے ۔چوبیس گھنٹوں میں 21033 ٹیسٹ کیے گئے ،ابتک 1214140ٹیسٹ کئے جا چکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق کورونا نے پنجاب میں مزید27جانیں لے لیں جبکہ1143نئے کیس سامنے آگئے جن میں سے 493 لاہور میں رپورٹ ہوئے ۔ پنجاب میں اموات کی تعداد1656 ہو چکی ۔ ابتک 470507ٹیسٹ کیے جا چکے ۔صحتیاب افراد کی تعداد 21340 ہو گئی ۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونامریضوں کیلئے مختص 8958 میں سے 7464 بیڈ جبکہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں مختص 2359میں سے 1882 بیڈخالی ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے مختص 574 میں سے 375 وینٹی لیٹرخالی جبکہ لاہورکے سرکاری ہسپتالوں میں 210 میں سے 102 وینٹی لیٹرخالی ہیں ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں زیرعلاج کورونا کے مزید 2 مریض خانیوال کا 60 سالہ اسماعیل اور ملتان کا 57 سالہ شریف دم توڑ گئے ۔علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں کورونامیں مبتلا کوٹلی لوہاراں کا 39 سالہ شہباز چل بسا۔ صدارتی ایواڈ یافتہ شاعر لائق زادہ لائق نے کورونا کو شکست دیدی۔ این سی اوسی کے مطابق ملک بھر میں 528 ایریاز میں لاک ڈائون کیا گیا ۔ ان علاقوں کی آبادی 96 لاکھ 26 ہزار سے زائد ہے ۔پنجاب میں 131 علاقے لاک ڈائون کیے گئے جن کی آبادی19 لاکھ48 ہزار سے زائد ہے ۔ اسلام آباد میں ایک لاکھ70 ہزار کی آبادی پر 14 لاک ڈائون کیے گئے ۔ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کے 7472 واقعات ہوئے ۔ 709 مارکیٹیں، دکانیں اور 2 صنعتوں کو سیل کر دیا گیاجبکہ1516 گاڑیوں کو جرمانہ یا سیل کیا گیا ۔پنجاب میں1823 خلاف ورزیاں ہوئیں ، 293 دکانیں ، 942گاڑیاں بند یا جرمانہ کیا گیا۔ اسلام آباد میں13 خلاف ورزیوں پر 2 دکانیں اور2 کارخانے سیل کیے گئے ۔لاہور میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1047 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 1915 دکانیں سیل کی گئیں۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سے متجاوز جبکہ ہلاکتیں5لاکھ کے قریب پہنچ گئیں۔ امریکہ میں مزید 28,763 جبکہ بھارت میں 19,828افراد متاثر ہوگئے ۔امریکہ میں کیس بڑھنے کے بعد کئی ریاستوں نے لاک ڈائون میں نرمی کا فیصلہ موخر کر دیا۔ ایرانی محکمہ صحت کے حکام نے کہاہے کورونا سے 9 اضلاع کے باشندوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ یورپی یونین نے عارضی طور پر 18 ممالک کے شہریوں کو یورپ آنے کی اجازت دیدی تاہم اس فہرست میں امریکہ، روس اور برازیل شامل نہیں ۔جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے یورپی یونین کے بعض ممالک کی سرحدیں دوبارہ بند کی جا سکتی ہیں، تاہم فیصلہ رائے دہی کے بعد ہی ہو گا۔