اسلا م آباد ،لاہور (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید35افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد 22108ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.37فیصد رہی، کوروناکے 1097نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 32936ہو گئی، 2084مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 1131مریض صحتیاب ہو گئے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 198نئے کیس سامنے آگئے اورمزید16مریضوں کی جان چلی گئی ۔ لاہورمیں 86، شیخوپورہ 6، راولپنڈی 26 اور فیصل آباد میں 4 کیس سامنے آئے ۔ لاہور میں مزید 6 اموات ہوئیں۔رحیم یارخان میں ڈاکٹر طیب بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب سارہ اسلم نے کہا کہ پنجاب میں کورونا ویکسی نیشن مہم کامیابی سے جاری ہے ، 669 ویکسی نیشن سنٹرز پر مزید 178354 شہریوں کو ویکسین لگائی گئی ۔ پنجاب میں ابتک 74لاکھ 87 ہزار 958 شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی، 18 سال سے زائد عمر افراد کی واک ان ویکسی نیشن کی جا رہی ہے ۔ پنجاب میں کورونا ویکسین کی کوئی قلت نہیں، وافر سٹاک ہے ، تمام ویکسی نیشن سنٹرز پر 1735503 ڈوز موجود ہیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں 39لاکھ13ہزارسے زائد ہو گئیں۔یورپی طبی ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ بھارتی کورونا وائرس ڈیلٹا یورپ بھر میں تباہی مچا سکتا ہے ۔یورپ میں بیماریوں سے بچا ئواور کنٹرول کے مرکز کی سربراہ آندریا آمون نے بتایاکہ اگست کے آخر تک یورپی یونین میں کورونا کے 90 فیصد نئے انفیکشن کا ذمہ دار ڈیلٹا وائرس ہو سکتا ہے ۔ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران ڈیلٹا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا قوی امکان ہے ۔سعودی عرب کی وزارت صحت کے مطابق بین الاقوامی سائنسی مطالعات کی روشنی میں قومی کمیٹی برائے متعدی امراض نے ایک ہی کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگانے کی حکمت عملی کو تبدیل کرکے لوگوں کو اب دو مختلف کمپنیوں کی کورونا ویکسین کی خوراکیں لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔