اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، بیورورپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید46افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد11560ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ملک میں کورونا کے 1644نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد541031ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد32726ہو گئی،2133مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل496745صحتیاب ہو چکے ۔کوروناسے اموات کے اعتبار سے صوبہ پنجاب پہلے جبکہ صوبہ سندھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید20مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ599نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد4681ہوگئی ۔ لاہورمیں 342،راولپنڈی17،فیصل آبادمیں62کیسز رپورٹ ہوئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزیدایک کورونامریضہ چل بسی۔ ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرفیصل آباد کے رہائشی مسافرسعید احمد کو کوروناٹیسٹ مثبت ہونے پر طیارے سے آف لوڈ کرکے سفر کرنے سے روک دیا گیا ۔سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز نے مسافر کو واپس بھیج دیا اورگھرمیں قرنطینہ کی ہدایت کی ۔اوکاڑہ پولیس کا سب انسپکٹر اسد کورونا سے شہید ہو گیا،وہ لاہور کے ہسپتال میں زیر علاج تھا جبکہ سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کرنے کیلئے چھٹی پر تھا ۔سندھ حکومت نے بدھ سے کورونا ویکسین لگا نے کا آغاز کرنیکا اعلان کردیا۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے پارلیمانی سیکرٹری برا ئے صحت ایم پی اے قاسم سراج سومرو کے ہمراہ سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں ہنگامی پریس کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں سندھ کے دس اضلاع میں فر نٹ لا ئن ہیلتھ کیئر ور کرز کو ویکسین لگائی جائیگی،ان میں کراچی کے سات اضلاع ، جامشورو، حیدرآباد اور شہید بینظیر آباد شامل ہیں۔ حکومت پاکستان کو چین سے ملنے والی سائینو فا ر م ویکسین کی پانچ لاکھ ڈوز میں سے سندھ حکومت کو 82 ہزار 359 ڈو زز ملیں گی۔ہمیں وفا ق کی جا نب سے اتوار سے ویکسین ملنا شروع ہوجائیگی۔ محکمہ صحت سندھ نے اپنے وسائل سے ویکسین کی خریداری کیلئے ڈیڑھ ارب جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی معقول فنڈز مختص کئے ۔ ویکسین کی خریداری کیلئے وفاقی حکومت کی اجازت درکار ہے ،وزیراعلیٰ سندھ کے خط کا جواب ابھی تک نہیں آیا۔ ایک نجی ڈونر گروپ نے پا کستا ن میں بیس فیصد آبادی کی ویکسینیشن کا وعدہ کیا ، انکی مارچ میں پہلی کھیپ آجا ئیگی۔دریں اثنا سندھ حکومت نے کوروناویکسین کیلئے 14 سنٹرزقائم کردیئے ،ویکسین لگانے کیلئے نادرا کی مدد لی جائیگی۔خیبر پختونخوا میں مزید11مریض جاں بحق ہوگئے ۔بلوچستان میں بھی ایک اور مریض دم توڑ گیا۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں22لاکھ 7ہزارسے زائد ہو گئیں۔ برطانیہ نے کورونا کی نئی شکل کے تیزی سے پھیلائوکے باعث متحدہ عرب امارات کی براہ راست پروازیں فوری طور پر بند کردی ہیں ۔برطانوی حکومت نے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ کورونا کی نئی شکل کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کیا گیا ، یہ نئی قسم زیادہ متعدی ہے ۔دوسری طرف جرمنی بھی کورونا کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلائو کو روکنے کی خاطر عالمی پروازوں کا سلسلہ مکمل طور پر بند کرنے پر غور کر رہی ہے جبکہ دیگر یورپی ممالک بھی میں خصوصی اقدامات کرنے جا رہے ہیں۔سعودی عرب نے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی تاریخ کو بڑھا دیا ۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق اب فلائٹ آپریشن 17مئی کو مکمل بحال ہوگا۔ 17مئی تک فضائی، بحری اور زمینی بارڈر بند رکھے جائینگے ،فیصلہ خلیجی ممالک سمیت دیگر ممالک میں کوروناکیسزبڑھنے پر گیا۔کینیڈین حکومت نے ملک میں آنیوالے مسافروں کیلئے ہوٹل میں 3دن تک سخت قرنطینہ پالیسی کا اعلان کر دیا۔ رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ کے مرکزی ہسپتال کے کورونا وارڈ میں اچانک خوفناک آگ لگنے سے 4 مریض جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد کی حالت غیر ہوگئی، وارڈ میں 120 مریض تھے جنہیں فوری دوسرے وارڈ میں منتقل کیا گیا، تاہم متعدد بری طرح جھلس گئے ۔