اسلا م آباد ،لاہور،سیالکوٹ،ملتان ، کراچی، پشاور، کوئٹہ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، ڈسٹرکٹ رپورٹر،92نیوزرپورٹ،بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید64افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد11514ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ملک میں کورونا کے 1910نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد539387ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد33295ہو گئی،2147مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل494578صحتیاب ہو چکے ۔ کور ونا وبا کیخلاف بنائی گئی ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتے کو پاکستان پہنچے گی جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ چینی سفارتخانے ، وزارت خارجہ اورہیلتھ سروسز نے پی آئی اے کوگرین سگنل دیدیا ہے ۔پی آئی اے نے کورونا ویکسین لانے کیلئے مفت خدمات فراہم کی ہیں۔ پی آئی اے انتظامیہ نے ویکسین کیلئے بوئنگ 777 کی دستیابی سے باضابطہ طورپرآگاہ کردیا ہے ،خصوصی طیارہ جمعہ کوبیجنگ کیلئے روانہ ہوگا جس پرچین کی جانب سے عطیہ کی گئی 5 لاکھ ویکسین وائلزپاکستان لائی جائینگی۔ خصوصی جہازبیجنگ سے ہفتے کو کورونا ویکسین لیکراسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے گا۔ ویکسین مخصوص کنٹینرمیں رکھ کر لائی جائیگی، خصوصی کنٹینر چین سے حاصل کیا جائیگا۔ ویکسین لانے سے متعلق این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کی ۔تمام صوبوں کی جانب سے انتظامات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہم اس اقدام کیلئے پوری طرح تیار اور اس مشن میں بھی متحد ہیں۔ہماری مشترکہ کوششوں نے ہمارے لئے بہت لمبا سفر طے کیا ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید15مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ 591نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد4661ہوگئی ۔ لاہورمیں339،راولپنڈی19اورفیصل آباد میں 43کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ادھرسیالکوٹ میں ڈاکٹرؤں سمیت درجن سے زائد عملے کے کورونا میں مبتلا ہونے پر گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال 3روز کیلئے سیل اور مریضوں کو دیگر ہاسپٹلز میں منتقل کردیا گیا ۔ہسپتال سیل ہونے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سول جج پسرورتکاثراحسان کاکورونا ٹیسٹ مثبت آنے پرعدالت سیل اور تمام عدالتی اہلکاروں کوبھی ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کردی گئی۔حافظ آباد میں6طالبات میں وائرس کی تصدیق پرگورنمنٹ ہائرسیکنڈری گرلز سکول ونیکے تارڑ کو سیل کردیاگیا۔دریں اثنا سندھ حکومت نے آوٹ ڈورڈائننگ کیلئے رات 10بجے تک کے وقت کی پابندی ختم کرنیکانوٹیفکیشن جاری کردیا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں 21لاکھ 92ہزارسے زائد ہو گئیں۔ کورونا وائرس کی تبدیل شدہ شکل کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جرمن حکومت نے ملک میں داخلے پر بھی سخت پابندیاں لاگو کرنے پر غور شروع کر دیا ۔ ایسے ممالک سے آنیوالی پروازوں پر بندش بھی شامل ہو سکتی ہے جو وائرس کی تبدیل شدہ قسم کے زیادہ خطرات کا شکار ہیں، ان میں برطانیہ، جنوبی افریقہ، برازیل اور پرتگال شامل ہیں، فہرست میں ہالینڈ اور آئرلینڈ بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ہنگری نے کورونا ایمرجنسی میں 3ماہ جبکہ جزوی لاک ڈاؤن میں ایک ماہ اضافہ کر دیا۔ادھرعالمی ادارہ صحت کی ٹیم کا چینی شہر ووہان میں قرنطینہ مکمل ہوگیا جس کے بعد اب وہ وائرس کی ابتدا کے متعلق تحقیقات کا آغاز کریگی۔ گیلپ پاکستان نے عوام کی آرا پر مبنی نیا سروے جاری کردیا ہے جس کے مطابق اب بھی 57 فیصد پاکستانی کورونا کے خطرات کو مبالغہ آرائی قرار دیتے ہیں جبکہ37 فیصد کو وبا کے حقیقی ہونے پر یقین ہے ۔ گیلپ سروے کے مطابق کورونا کو بیرونی سازش سمجھنے والوں کی شرح میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے ۔ تاہم 42 فیصد اب بھی کورونا کو بیرونی سازش مانتے ہیں۔42 فیصد افراد نے کورونا کے پیچھے کسی سازشی نظریہ کا تاثر مسترد کردیا۔