اسلا م آباد ،لاہور،پشاور،کراچی،ٹھٹھہ،کوئٹہ ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید56افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد8603ہو گئی۔نامزدچیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن معروف افضل اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اور سابق صوبائی وزیر اعجاز شاہ شیرازی بھی کورونا کے باعث انتقال کر گئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے متاثرہ 51 افراد ہسپتالوں میں اور 5 افراد گھروں میں قرنطینہ کے دوران دم توڑ گئے ۔ کورونا کے 3138نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد429280ہوگئی ، فعال کیسز کی تعداد46376ہو گئی،2575مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ374301صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید23مریضوں کی جان چلی گئی اور اموات کی تعداد3265وگئی جبکہ446نئے کیس سامنے آگئے ۔لاہورمیں175،راولپنڈی59اورفیصل آباد میں 21کیسز رپورٹ ہوئے ۔ادھر نشتر ہسپتال ملتان میں مزید3مریض جاں بحق ہوگئے ۔ کورونا کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اور سابق صوبائی وزیر اعجاز شاہ شیرازی بھی خالق حقیقی سے جا ملے ،وہ 5 مرتبہ ایم پی اے منتخب ہوئے تھے ۔مرحوم کی تدفین آبائی قبرستان مکلی میں کر دی گئی، نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی ٹھٹھہ کی قیادت،کارکنوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔پی پی ٹھٹھہ کی جانب سے 3 دن سوگ منانے کا اعلان بھی کیا گیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،فریال تالپور اوردیگر پی پی رہنمائوں نے اعجاز شاہ شیرازی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔نامزدچیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن معروف افضل ملٹری ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج تھے مگر جانبر نہ ہوسکے ، کورونا کے باعث وہ عہدہ کاحلف تک نہیں اٹھاسکے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق معروف افضل کاتقرر13نومبرسے کیاگیاتھا۔ مرحوم چیئرمین سی ڈی اے اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ بھی رہ چکے تھے ، نمازجنازہ آج میر پور آزاد کشمیر میں ادا کی جائیگی۔قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی نوابشاہ کے اسسٹنٹ پروفیسر غلام شبیر بھی کورونا سے دم توڑ گئے جبکہ مزید تین پروفیسرز ڈائریکٹر فنانس فضل شیخ، ڈاکٹر سجاد علی سندیلو اور ڈاکٹر عبدالفتاح چانڈیو بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے ۔ شکارپور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نذیر احمد قریشی کے بھائی رضوان احمد قریشی جو کہ مونوٹیکنیک کالج حیدرآباد کے استاد تھے بھی کورونا سے انتقال کر گئے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں کوروناکے مزید10مریض انتقال کرگئے جبکہ 1559نئے کیسزمیں سے 1262کا تعلق کراچی سے ہے ۔خیبر پختونخوا میں مزید11مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ مزید 410افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی ۔بلوچستان میں مزید 2افراد انتقال کر گئے جبکہ 46 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں15لاکھ85ہزارسے زائدہوگئیں۔امریکہ میں روزانہ اموات کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،بدھ کو ریکارڈ3011اموات ہوئیں۔فرانس نے 15دسمبرسے کرفیو کا اعلان کر دیا۔فلسطین کے ممتاز دانشور اور کالم نگار فرج عبدالحسیب بھی کورونا کے باعث دم توڑ گئے ،وہ بیت المقدس کے آرٹ اینڈ لٹریچر مرکز کی انتظامی کمیٹی کے مستقل رکن تھے اور کئی سال تک ادب بیت المقدس جریدے کی ادارت کی ذمہ داریاں انجام دیں۔