اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ،آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے پھیلائو کے آغاز سے ہی زندگی اور روزگار میں توازن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ کورونا سے مقابلے کی کنجی ایس او پیز پر عملدرآمد اور سمارٹ لاک ڈائون میں ہے ۔گزشتہ روز سما جی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرپیغام میں انہوں نے قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہریوں نے ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں شاندار بہتری دکھائی جس سے کورونا کے کیسز توقعات سے کم نکلے ۔ سمارٹ لاک ڈائون اور ایس او پیز پر عملدرآمد جیسے بنیادی اقدامات کے ذریعے کورونا کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے ۔