لاہور ( خبر نگار خصوصی ، کرائم رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا آج الحمد ﷲ ہم پری کورونا پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں اور یہ بہت اچھی خبر ہے ، آج سے پورے پنجاب میں تعلیمی اداروں اور بڑے اجتماعات کے سوا تمام کاروبار زندگی بحال ہوگئے ، روز مرہ کی زندگی معمول پر آگئی، میں حکومت کے تمام اداروں، انتظامیہ، فوج، پولیس ، ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکل سٹاف ، نرسز اور متعلقہ عملے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دن رات محنت کر کے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا، وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا عید الاضحیٰ پر پنجاب حکومت نے صفائی کے شاندار انتظامات کئے ، صفائی کے ایسے انتظامات ماضی میں نہیں کئے گئے ، وزیر اعلی نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹرز میں سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، انہوں نے کہا میں نے کل بھی بات کی تھی کہ کچھ عرصے بعد ہمارے خلاف ایک منظم پراپیگنڈا شروع کیا جاتا ہے جس کا مقصد عدم استحکام پیدا کرنا ہے اور صوبے کے اندر گورننس میں تعطل لاکر لوگوں کو ریلیف دینے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے ، میں نے صوبائی وزیر خوراک اور صوبائی وزیر صنعت کو ہدایات دی ہیں کہ وہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لئے تمام ضروری اقدام اٹھائیں ، 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے میں دستیاب ہے ، مصنوعی مہنگائی کے حوالے سے ہم ایکشن بھی لے رہے ہیں ، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں اور آج پنجاب میں صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے تا ہم عوام کو احتیاط کے ساتھ زندگی بسر کرنی ہے ، انشاء اﷲ ہماری حکومت راولپنڈی اور دیگر شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرے گی، پنجاب کے اندر کوئی بھی ایسا کیس نہیں جو سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے ٹریس نہ ہوا ہو، چند روز قبل میں نے رات گئے لاہورکا وزٹ کیا ، آئندہ بھی اس طرح کے سرپرائزوزٹ جاری رکھوں گا، میں جلوس کے ساتھ نیب نہیں جاؤں گا، پنجاب میں کوئی فائل نہیں رکتی ۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ، وزیر اعلی نے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کا حکم دیا، اجلاس میں سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیاگیا، وزیر اعلی نے کہا میں خود بھی مختلف شہروں میں سیکورٹی ا نتظامات کا جائزہ لوں گا، دریں اثنا وز یر اعلی عثمان بزدار نے چمن کے علاقہ مال روڈ پر دھماکہ کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔