لاہور؍اسلام آباد؍ ملتان (جنرل رپورٹر؍اپنے سٹاف رپورٹر سے ؍لیڈی رپورٹر؍ سپیشل رپورٹر)کورونا سے مزید 69 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4515 ہوگئی جبکہ مریضوں کی تعداد 2لاکھ 20 ہزار سے بڑھ گئی۔پنجاب میں گزشتہ روز 22 افراد جاں بحق ہوئے ، نشتر ہسپتال ملتان میں 2 اموات ہوئیں جبکہ صوبے بھر میں 1400 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔سندھ میں مریضوں کی تعداد 89 ہزار، خیبرپختونخوا میں 27 ہزار، بلوچستان میں ساڑھے 10 ہزار سے بڑھ گئی ہے ۔کراچی پولیس کے مزید 3 افسرکورونا کے باعث چل بسے ۔پولیس ترجمان کے مطابق ایس پی کمپلینٹ سیل ملیرشکیل احمد احساس پروگرام کے تحت سویڈش کالج میں بطورانچارج ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے ،وہ 19 جون کو کورونا سے متاثرہوئے اورجمعرات کو دوران علاج دم توڑگئے ۔پولیس ترجمان کے مطابق سندھ پولیس کے ڈی ایس پی احمد نوازکا بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال ہوگیا،احمد نوازایس ایس یو کے ڈی ایس پی کے طور پربلاول ہاؤس میں تعینات تھے ۔پولیس ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کے اے ایس آئی عبدالرحیم الدین بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئے ۔سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا۔لاہور کے بڑے با زاروں کے تاجروں اور خریداروں کی کورونا ٹیسٹ رپورٹس آ گئیں ۔ 13 بازاروں سے تاجروں اور خریداروں کی سمارٹ سیمپلنگ کی گئی تھی، 3059 افراد میں سے صرف 32 افراد میں کورونا پازیٹو آیا جبکہ 5 کے نتائج تاخیر کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرلاہور دانش افضال نے بتایا کہ سمارٹ سمپلنگ میں ہر مارکیٹ میں ڈیڑھ سو دکانداروں اور ڈیڑھ سو خریداروں کے ٹیسٹ کئے گئے ۔ادھر دنیابھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 9 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 5لاکھ 21 ہزار ہوگئی ہیں۔24 گھنٹوں میں دنیابھر میں کورونا کے ریکارڈ ایک لاکھ 96 ہزار نئے مریض سامنے آئے ہیں، امریکہ میں 51، برازیل میں 46 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔جرمن حکومت نے کہا کہ کورونا کی ممکنہ دوا ریمڈیسی ویئر ملک میں مناسب مقدار میں دستیاب ہے ۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے تین ماہ کے دوران بیروزگاری میں 126فیصد اضافہ ہوا ہے ۔تھائی لینڈ میں جزوی لاک ڈائون کے باعث بندروں کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے ۔