لاہور، سیالکوٹ،ساہیوال، بورے والا، فورٹ عباس، شاہ کوٹ(اپنے رپورٹر سے ، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، تحصیل رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز) ملک بھر میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کی طرف سے کارروائی کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ روز بھی صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں درجنوں دکانوں کو سیل کرتے ہوئے کئی دکانداروں کو جرمانے اور متعدد کو گرفتار کروا دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز مجموعی طور پر 140 دکانوں کو سیل کیا گیا ، ڈی سی لاہور دانش افضال کے مطابق کارروائی کے دوران 84 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جو دکاندار ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں کر رہے ان دکانوں کو سیل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دو واٹر پارکس سیل کرتے ہوئے پانچ افراد کوگرفتار بھی کیا گیا ہے ۔سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 16دکانیں سیل کی گئیں جبکہ متعدد دکانداروں کو ہزاروں روپے جرمانے کرتے ہوئے سخت وارننگ بھی دی گئی، ساہیوال میں 9، بورے والا میں 11 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ فورٹ عباس میں چار دکانیں بند کرتے ہوئے چار دکاندار بھی گرفتار کروا دئیے گئے ، شاہ کوٹ میں 20 دکانوں کیخلاف کارروائی کی گئی اور کورنا قوانین کی خلاف ورزی پر 22 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ۔