اسلا م آباد ، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں مزید39افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد10350ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1895نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد488529ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد35722ہو گئی،2242مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ442457صحتیاب ہو چکے ۔ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 5.92 فیصد ہوگئی ۔کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد اسد عمر نے این سی اوسی کے اجلا س کی صدارت کی اور کور ونا کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق بھی جائزہ لیا گیا۔ دسمبر 2020 سے برطانیہ سے پاکستان آنیوالے تمام مسافروں کیلئے سارس کووڈ 2 ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا گیا ۔ کورونا کی نئی قسم دسمبر میں برطانیہ میں ظاہر ہوئی تھی ۔ پاکستان میں بھی اسکی موجودگی کی خبروں کے بعد قومی ادارہ صحت نے تحقیق کی تو 2 پاکستانیوں میں کورونا کی نئی قسم B۔1.1.7 کی تصدیق ہوئی، دونوں افراد برطانیہ سے واپس آئے ہیں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم 31 ممالک تک پھیل چکی ہے ۔ کورونا کی نئی قسم زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے لیکن تاحال اسکی زیادہ شدت کے شواہد نہیں ۔ دریں اثناحکومت نے برطانیہ سے پاکستان سفر کرنیوالوں کیلئے پابندی نرم کردی،8جنوری تک ٹیسٹ کی پہلے والی پابندی برقراررہیگی تاہم برطانیہ سے تمام پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کوآنے کی اجازت ہوگی۔ برٹش پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانی آئی ڈی کارڈ کیساتھ بھی سفر کے اہل ہونگے ۔ نئے قواعد کا اطلاق 31 جنوری تک ہوگا۔ ادھر سول ا یوی ایشن نے این سی او سی کے فیصلے کی روشنی میں نئے رولز اینڈ ریگولیشن جاری کردیئے ۔نئے سفری ہدایت نامہ میں بتایا گیا کہ سفری پابندیوں میں 21جنوری تک توسیع کردی گئی ہے سول ایوی ایشن اتھارٹی نوٹیفکیشن کے مطابق برطانیہ اور افریقہ میں موجود پاکستانیوں کی آج سے وطن واپسی کی مشروط اجازت دی گئی ہے ۔دوہری شہریت کے حامل مسافروں کو بھی سفر کی اجازت ہوگی۔برطانیہ میں مقیم قلیل مدتی ویزا والے پاکستانی بھی آسکیں گے ۔امریکہ میں کورونا کیسز کے ممکنہ پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ بند کر دیا گیا،تاہم ویزا یا پاسپورٹ کیلئے آن لائن سروس کھلی رہیگی۔ترجمان پاکستانی سفارتخانہ نے کہا کہ آئندہ 3روز 4 سے 6 جنوری تک سفارتخانہ بند رہیگا۔ سفارتخانہ کوجراثیم کش سپرے کرنے کے بعد کھول دیا جائیگا، 3 روز تک قونصلر سروسز بھی بند رہیں گی۔ سفارتخانے کے تمام عملے کا کورونا ٹیسٹ کرایا جائیگا۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید15مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ526نئے کیس سامنے آگئے ۔لاہورمیں 292،راولپنڈی20،فیصل آبادمیں34 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ کے 256ہسپتالوں میں 8261بسترکورونا مریضوں کیلئے مختص ہیں جبکہ کورونا مریضوں کیلئے 665وینٹیلیٹرز مختص ہیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں18لاکھ56ہزارسے زائد ہو گئیں۔سعودی عرب میں مزید 7 مریض وفات پا گئے جبکہ 82 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ،مکہ مکرمہ میں 24 ،منطقہ مشرقی میں 7 اور مدینہ منورہ میں5 نئے کیس ریکارڈ کئے گئے ۔ سعودی وزارت صحت نے بتایاکہ گزشتہ 9ماہ میں کورونا کے یومیہ کیسز کی یہ سب سے کم تعداد ہے ۔جرمنی میں کوروناکے نئے مریضوں کی روزانہ تعداد اب دس ہزار سے کچھ ہی کم ہے ،لاک ڈائون کی مدت بڑھا کر جنوری کے آخر تک کرنے کیلئے آج اجلا س ہوگا ۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خبردار کیا کہ قلیل مدت کیلئے ملک میں سخت قواعد لاگو ہوسکتے ہیں، علاقائی پابندیاں شاید مزید سخت ہونیوالی ہیں۔