مکرمی! کورونا وائرس کی وجہ سے جان بحق ہونے والے افراد کی تدفین کے سلسلہ میں کئی ایسے ناپسندیدہ مناظردیکھنے کوملے ہیں کہ جن سے میت کی تکریم کا اصول پامال ہوتا نظرآیا ہے- تدفین کے سارے عمل میں ہمیں جو بھی احتیاطی اقدامات اٹھانے ہیں اس میں اس بات کا بطور خاص خیال رکھنا ہے کہ تکریم انسانیت پر کسی قسم کی زد نہ پڑے اور شرف انسانیت پر کوئی حرف نہ آئے۔اس کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے احتیاطی اقدامات کے پیرامیٹرز متعین کر دیئے ہیں جن سے مذہبی عبادات میں کسی قسم کا خلل پیدا نہ ہو اس لئے متعلقہ انتظامی مشینری کو اپنے اقدامات میں بہرصورت اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ اس سے کسی کے مذہبی جذبات مجروح نہ ہوں۔ اس حوالے سے پولیس کی ناروا سختیوں کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں جس کا چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کے علاوہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چودھری فواد نے بھی نوٹس لیا ہے کورونا کے مریضوں کے بارے میں یہ تاثر بہرصورت پیدا نہیں ہونے دینا چاہیے اور شرف انسانیت کی پاسداری کی جانی چاہیے جومحسن انسانیت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ اور ہمارے سلامتی کے دین پر عمل پیرا ہونے کا تقاضا بھی ہے۔ (جمشیدعالم صدیقی لاہور)