لاہور(سلیمان چودھری )محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے کورونا کے تشویشناک اور انتہائی تشویشناک حالت کے مریضوں کو نئی دوائی دینے کی منظوری دے دی ۔ ’’ایکٹیمرا‘‘ نامی دوائی کورونا مریضوں کو لگائی جائے گی ، اس دوائی کے مثبت نتائج کے بعد ٹریٹمنٹ پروٹوکول میں تبدیلی کی گئی اور اس کے استعمال کو شروع کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت ایک اجلا س ہوا ، اجلاس میں کورونا ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کے ممبران نے بھی شرکت کی ،اجلاس میں کورونا وائرس کے کلوروکین بند کرنے کے بعد نئی ادویات مریضوں کی جان بچانے کے لئے استعمال کرنے کے لئے تجاویز پیش کی گئیں ، اجلاس میں کورونا کے تشویشناک اور انتہائی تشویشناک حالت کے مریضوں کو نئی دوائی دینے کی منظوری دی گئی ،ایکٹیمرا‘‘ نامی دوائی کورونا مریضوں کو لگائی جائے گی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ شریان میں لگنے والی دوائی مہنگی ہے تو اس کے لئے سنٹرل پورٹل تیار کیا جائے گا جس میں ہسپتالوں کی جانب سے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ڈیمانڈ اپ لوڈ کی جائے گی اور مریضوں کا تمام ڈیٹا بھی اپ لوڈ کیا جائے گا۔