لاہور؍ اسلام آباد(جنرل رپورٹر؍ سپیشل رپورٹر) نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر (این سی او سی) کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 566 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 4 مریض ہسپتالوں میں اور 3 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران وائرس سے جاں بحق ہوئے ۔آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں۔ ملک بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 7 ہزار 797 ہے ۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار 581 ہے ۔وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 6451 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والابھی کوروناکاشکارہوگئے ہیں۔علاوہ ازیں بلوچستان حکومت نے پرائمری سکولوں میں درس و تدریس کی سرگرمیوں کی بحالی مزید 15 دن کی کیلئے ملتوی کردی ۔ حکومتی ترجمان لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنا شروع ہوگئے جس کے باعث پرائمری سکولز کھولنے کی تاریخ میں مزید 15 دن کی توسیع کردی، اب بغیر ماسک کے تعلیمی اداروں میں داخل ہونے والوں کو جرمانے کئے جائیں گے ۔ ادھر دنیابھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 76 لاکھ سے زائد ہے جبکہ اموات 10لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں۔بھارت میں گزشتہ روز بھی 80 ہزار سے زائد مریض سامنے آئے اور ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس نے غلاف کعبہ فیکٹری، حرمین عجائب گھر اور حرم لائبریری کو یکم ربیع الاول بمطابق 18 اکتوبر سے کھولنے کی ہدایت جاری کی ۔نئی حکومتی پابندیوں کے خلاف لندن کے شہری سڑکوں پر نکل آئے ، احتجاج سے روکنے پر پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق جھڑپوں میں 3 مظاہرین اور 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ، جب کہ 10 مظاہرین کوگرفتار کرلیا گیا۔لندن پولیس کے مطابق مظاہرین کی جانب سے سماجی فاصلے کے قانون کی خلاف ورزی کی گئی ۔دریں اثناء آئی سی سی ہیڈکوارٹر کوروناکے باعث چند روز کے لئے بند کردیا گیا،آئی سی سی ہیڈکوارٹر دبئی میں کچھ ملازمین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے ۔