لاہور (رپورٹنگ ٹیم، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا کیسز ایک بار پھر بڑھنے لگے جبکہ کورونا کی مہلک وباسے مزید12افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد6570ہو گئی ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں666نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد318932ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 8904ہو گئی،483مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور303458صحتیاب ہو چکے ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یٹ میں کہا کہ حکومت نے وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی دوبارہ نافذ کر دی ہے ۔ گزشتہ6 ہفتوں میں مثبت کیسز کا اوسط 2 فیصد تھا ،تاہم پچھلے ہفتے یہ شرح 2 فیصد سے بڑھ گئی جوکہ باعث تشویش ہے ۔ ملک میں کورونا کیسز میں کمی کیلئے اسلام آباد، کراچی اور آزاد کشمیر میں سمارٹ لاک ڈائون دوبارہ نافذ کیا گیا۔ انتظامیہ کو ملک بھر میں حفاظتی اقدامات کرنے کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔پنجاب میں بھی کورونا کیسز پھر سے بڑھنے لگے ، ایک ماہ اور 28 دنوں کے بعد پھر سے 200 سے زائد کیسز کی حد عبور کر گیا۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید5 مریض جاں بحق ہوگئے اور 203نئے کیس سامنے آگئے اور تعداد 100687 ہو گئی ۔ لاہورمیں 106شیخوپورہ4،راولپنڈی14،گوجرانوالہ 3، سیالکوٹ 2،نارووال 2،ملتان 16،فیصل آباد4،ٹوبہ 4، سرگودھا 2،خوشاب 12،بھکر 11،بہاولپور2،لودھراں 2،ڈیرہ غازیخان11،مظفر گڑھ 2،راجن پور 2، ساہیوال4اور اوکاڑہ میں 2کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ متحرک ہے ، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے ویلینشیا ٹاؤن میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک جیم کو سیل کر دیا ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام پرائیویٹ و سرکاری سکولوں میں ایس او پیز پر دوبارہ سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے ۔ ہدایت کی گئی کہ سکولوں میں آگاہی سیشنز کئے اور اردو تحریر میں ایس او پیز آویزاں کئے جائیں ۔ دنیا میں کورونا سے 1078984اموات ہو گئیں،کیسزکی تعداد 37588732 ہوگئی ۔امریکہ میں مریضوں کی تعداد 7977660ہوگئی،مزید230اموات کے بعد 219600جان کی بازی ہار چکے ۔بھارت میں 27883 نئے کیس سامنے آئے ، مزید202 چل بسے ،کل 108573 ہلاک ہوچکے ،مجموعی کیسز 7079426ہوگئے ۔جرمن دارالحکومت برلن کے شہریوں کو 70 برس میں پہلی مرتبہ رات کے کرفیو کا سامنا کرنا پڑ رہا جو کہ اس ماہ کے آخرتک نافذ رہیگا۔ برلن اور فرینکفرٹ کے بعد اب لون میں بھی کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کررہی ہے ۔ایران میں صدر حسن روحانی کے معاون محمد باقر نوبخت بھی کورونا وائرس کا شکارہو گئے ۔