اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،ملتان،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید25 افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد6968ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں1436نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 343189ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 17804ہو گئی،921مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور318417صحتیاب ہو چکے ۔ وفاقی حکومت نے کورونا کی تشخیص کیلئے ’’ ریپڈ ٹیسٹ کٹ‘‘ کے استعمال کی منظوری دیدی۔نئی کٹ سے کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ 20منٹ میں آجائیگا۔این سی او سی کی جانب سے تمام صوبائی حکومتوں کو ارسال مراسلہ کے مطابق پاکستان میں پی سی آر سے وائرس کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے ۔منظور شدہ سرکاری و پرائیویٹ لیبارٹریز ہی نئی کٹ کے تحت ٹیسٹ کر سکیں گی۔ ہائی رسک سیکٹر میں 20فیصد پی سی آر ٹیسٹ اور باقی نئی کٹ سے ہونگے ۔، فیز ون کی کامیابی کے بعد نئی کٹ سے تمام پرائیویٹ لیبز پر ٹیسٹ کی سہولت ملے گی۔ صوبائی حکومتیں عالمی ادارہ صحت سے منظور کمپنیوں سے نئی کٹ خریدیں گی۔نئی کٹ سے 20نومبر سے ٹیسٹ کئے جائینگے ۔ ٹیسٹ کی قیمت کا تعین وفاقی اور صوبائی حکومتیں خود سے کرینگی۔وفاقی حکومت نے این سی او سی کے فیصلوں کے بعد 20نومبر سے شادیوں سے متعلق کورونا ایس او پیز جاری کر دیئے ، اطلاق جن شہروں پر ہوگا ان میں کراچی ، لاہور ، اسلام آباد، راولپنڈی ، ملتان ، حیدر آباد ، گلگت، مظفر آباد، میر پور، پشاور، کوئٹہ ، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور سوات شامل ہیں ۔گائیڈلائنز کے تحت شاد ی ہالز کی ان ڈور تقریبات پر پابندی ہو گی ، تاہم آوٹ ڈور شادی تقریبات کی اجازت ہو گی جن میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزار افراد شرکت کرسکیں گے ۔مارکیز میں شادی تقریب کی اجازت نہیں ہو گی، آؤٹ ڈور میں کنوپی ٹینٹ کا استعمال ممنوع ہو گا ۔ شادی کی تقریب کیلئے جگہ کا انتخاب لوکل ہیلتھ اتھارٹی کی مشاورت سے ہو گا، تقریب میں قالین یا غالیچوں کا استعمال نہیں ہوگا۔ دولہا، دلہن اور انکے گھر والے روایتی طریقے سے مبارکبادیں وصول نہیں کرینگے ۔ایک شادی کی تقریب کا وقت 2گھنٹے ہوگا اور رات 10 بجے کے بعد کوئی شادی کی تقریب نہیں ہو گی ۔تمام شرکاماسک لازمی پہنیں گے ۔آوٹ ڈور شادیوں میں 6 فٹ کا سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے ۔ داخلی دروازوں پر تھرمل سکینگ کی جائیگی، شریک ہر فرد کا بخار چیک کرنا لازم ہوگا۔ بوفے ڈنر اور لنچ دینے پر پابندی ہو گی ، لنچ بکس اور ٹیبل سروس کے تحت ہی کھانا دیا جائیگا۔ میزبان ایس او پیز پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہو گا۔ہر مہمان کو ماسک، سینیٹائزر میزبان فراہم کریگا۔ ولیمے کی تقریب میں مہمانوں کیلئے فوڈ باکس کا استعمال ہوگا۔شادی تقریبات کے مہمانوں کی یومیہ بنیاد پر سکریننگ کرنا ہو گی، تقریب میں کاغذ والا تولیہ اور جراثیم کش ادویات کا استعمال ہو گا، تقریب سے قبل کیمرہ، موبائل فون ، گاڑیاں اور دیگر استعمال کی تمام چیزیں ڈس انفیکٹ کرانا ہوں۔ تقریب میں ہاتھ دھونے کیلئے صابن اور سینیٹائزر کا انتظام لازمی ہوگا۔کورونا کے پھیلاؤ کے باعث وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔اسلام آباد انتظامیہ کے مراسلے کے مطابق سیکٹر آئی 8 تھری، آئی 8 فور، جی سکس 2، جی 9 ون اور سیکٹر جی 10 فور میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے ۔ پانچوں سب سیکٹرز کوآج صبح 10 بجے سیل کرکے وہاں پولیس کو تعینات کردیا جائیگا۔بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر محمود اللہ کورونا ہونے پر پاکستان سپر لیگ کے پلے آف میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔ ملتان سلطانز نے معین علی کی جگہ محمود اللہ سے معاہدہ کیا تھا۔پنجاب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں دوبارہ تشویشناک حد تک اضافہ ہونے لگا اور ایکٹو کیسز کی تعداد 6556تک پہنچ گئی ۔ لاہور میں سب سے زیادہ 2770، ملتان میں 642 اور روالپنڈی میں 693ایکٹو کورونا کیسز ہو گئے ۔ کورونا کیسز میں اضافہ کے پیش نظر میو ہسپتال کے بعد سروسز ہسپتال کے تین شعبوں میں بھی آپریشن کی سہولت بند کر دی گئی ۔پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر امجد کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل سرجری، گائناکالوجی اور آرتھوپیڈک ڈپارٹمنٹس میں مریضوں کے آپریشنز 22 نومبر تک بند کر دیئے گئے جبکہ سروسز ہسپتال میں ایمرجنسی اور کینسر کے مریضوں کے آپریشنز معمول کے مطابق جاری رہینگے ۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے سرگرم، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم نے رات گئے تک کارروائیاں کیں اور ڈی ایچ اے فیز5میں ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا ۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی رپورٹ کے مطابق 300 دکانوں کو چیک کیا گیا۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ 10 دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 10 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید4 مریض جاں بحق ہو گئے ۔دنیا بھر میں ہلاکتیں 1260309 سے زائدہوگئیں۔