اسلا م آباد ،لاہور ،کھڈیاں خاص،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید 73افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد16316ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.56فیصد رہی، کوروناکے 5152نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد761437ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد82276ہو گئی،4515مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل662845صحتیاب ہو چکے ۔علاوہ ازیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان نے بھارت سے آنیوالے مسافروں پر پابندی لگادی۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں بھارت میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ نئی قسم کا یہ وائرس بھارت میں انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے ۔اجلاس میں بھارت کو دو ہفتوں کیلئے سی کیٹیگری میں رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے زمینی اور فضائی راستوں سے آنیوالے مسافروں پر پابندی لگا دی گئی ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 2766نئے کیس سامنے آگئے اورمزید27مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد7457ہوگئی ۔ لاہورمیں1413،قصور46،شیخوپورہ48،راولپنڈی32گوجرانوالہ50،سیالکوٹ24،ملتان249،فیصل آباد198،چنیوٹ114،جھنگ51،سرگودھا50اوربہاولپورمیں 89کیس سامنے آئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق سابق آئی جی خیبر پختونخوا ناصر درانی بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئے ،وہ کئی روز سے میو ہسپتال میں زیر علاج اور وینٹی لیٹر پرتھے ۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا مشہود احمد خاں بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے اور تمام سرگرمیاں معطل کر کے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا ۔پاکستانی گلوکار علی عظمت کو بھی کورونا ہوگیا،انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری مختصر ویڈیو میں کورونا وائرس کو خوب برا بھلا کہا۔ کمشنر لاہور کے سپیشل سکواڈ نے کورونا ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر جوہر ٹائون سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں4 ریسٹورنٹس کو سیل کردیا ۔کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان نے کہا کہ ایس او پیز خلاف ورزی کے مرتکب افراد کیخلاف مزیدسخت کارروائی کی جائیگی۔ڈی سی لاہور مدثر ریاض کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسروں کی بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے کارروائیاں جاری ر ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصان احمد نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پرعلی ٹائو ن میں ایک ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا۔ ادھر نشتر ہسپتال ملتان میں مزید5مریض جاں بحق ہوگئے ۔ ملتان کے مزید 2 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگادیا گیا۔گڑھاموڑ میں گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول چک نمبر 88 ڈبلیو بی کی 2طالبات کو کورونا ہونے پر 2 کلاس رومز سیل کر دیئے گئے ۔کھڈیاں خاص میں کورونا سے 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے شعبہ اردو کے پروفیسر ڈاکٹر فرشت سید بھی کوروناکے باعث انتقال کرگئے ۔خیبرپختونخوا میں کورونا سے ڈاکٹر محمد کامل شہید ہو گئے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں30لاکھ40ہزارسے زائد ہو گئیں۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے سال بعد ایک دوسرے کیلئے اپنی سرحدیں کھول دیں اور شہریوں کو بنا کسی حفاظتی تدابیر سفر کی اجازت دیدی، قرنطینہ کی پابندی بھی ختم کردی جس کے بعد سینکڑوں خاندانوں نے جذباتی انداز میں خوشی سے ایک دوسرے سے ملاقات کی۔اسرائیل نے کورونا سے بچائو کیلئے عائد بیشتر پابندیاں ختم کردیں اور اب لوگوں کو گھروں سے باہرماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہوگی جبکہ سکول بھی مکمل طور پرکھول دیئے ۔ اسرائیل کی 93 لاکھ آبادی میں سے 54 فیصد کوویکسین کے دونوں انجکشن لگائے جاچکے جبکہ غرب اردن اور حماس کے کنٹرول میں غزہ پٹی میں آباد 52 لاکھ فلسطینیوں کو کوویکس کے ذریعے محدود تعداد میں ویکسین مہیا کی جارہی ہے ۔ برطانیہ نے کورونا کی تشویشناک صورتحال کے باعث بھارت کو بھی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کردیا۔برطانوی وزیر صحت کے مطابق بھارت پر پابندی کا اطلاق جمعہ سے ہوگا۔ بھارت میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد پابندی لگائی گئی کیونکہ برطانیہ میں بھارتی وائرس کے 103 کیس سامنے آئے ہیں۔بھارت میں مزید 1750سے زائداموات اور 256947سے زائدنئے کیس رپورٹ، دارالحکومت نئی دہلی میں26 اپریل تک مکمل لاک ڈائون نافذ کردیا گیا،تمام مارکیٹیں بند رہیں گی اور ریسٹورنٹس میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی، بغیر کسی ضروری کام کے باہر نکلنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔دہلی میں انفیکشن شرح تقریباً30 فیصد ہوگئی ،ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہوگئی ۔ کورونا مریض تمام ہسپتالوں میں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔بھارتی اداکارہ سمیرا ریڈی، انکے شوہر اور دو بچوں کو بھی کورونا ہوگیا۔