اسلا م آباد ،لاہور ،ملتان ،کراچی،پشاور،اوستہ محمد،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید78افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد18993ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 9.12فیصد رہی، کوروناکے 3447نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد861473ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد80375ہو گئی،4846مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل762105صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 1393نئے کیس سامنے آگئے اورمزید26مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد9058ہوگئی ۔ لاہورمیں 501، ننکانہ17، قصور 8، شیخوپورہ 22، راولپنڈی 25، ملتان150، فیصل آبادمیں133کیس سامنے آئے ۔ لاہور میں مزید 5 ہلاکتیں، اموات کی کل تعداد 3698 ہو چکی ۔ ادھرنشتر ہسپتال ملتان میں کورونا میں مبتلا مزید5مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ زیر علاج مصدقہ کورونا مریضوں کی تعداد 118ہو گئی۔ پی ٹی آئی کی رکن خیبرپختونخوا اسمبلی مومنہ باسط بھی کورونا میں مبتلا ہوگئیں اور خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میر خان محمد خان جمالی بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اور خود کو قرنطینہ کرلیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ کوروناسے صوبہ میں مزید7مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ782نئے کیسز میں سے 336کا تعلق کراچی سے ہے ۔ادھربلوچستان میں کوروناسے مزید 5افراد انتقال کرگئے جبکہ صوبہ میں 83 نئے کیسز سامنے آگئے ۔رپورٹس کے مطابق لاہوراوراسلام آباد میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے اورکورونا کے یومیہ کیسزمیں کمی آنے لگی۔ خیبرپختونخوامیں بھی کورونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی آنا شروع ہوگئی۔ پنجاب بھر میں 15 مئی صبح 6بجے تک بین الصوبائی،شہروں کے مابین اور شہروں کی مقامی ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہو گی تاہم رکشہ ، ٹیکسیز اور پرائیویٹ گاڑیوں کو50فیصدگنجائش کیساتھ سفر کرنے کی اجازت ہو گی ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم کے مطابق تمام مارکیٹس، کاروبار، دفاتر اور دکانیں بند رہیں گی۔تمام میڈیکل سٹور، فارمیسیز، میڈیکل فیسیلیٹیز اور ویکسی نیشن سنٹر ،پٹرول پمپ، تنور , دودھ دہی کی دکانیں، فوڈ ٹیک اویز،بجلی، گیس، ای کامرس (ہوم ڈیلیوری) 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔گروسری سٹورز اور گروسری اور مشروبات کے ڈسٹری بیوٹر، کریانہ کی دکانیں، بیکریاں، آٹا چکیاں، مٹھائی ، پھل ، سبزی ، گوشت ، زرعی بیٹریزکی دکانیں،ڈرائی کلینرز اور لانڈری،منی ایکسچینج کمپنیاں، کورئیر اور ملحقہ سروسز صبح 9 بجے سے شام 6بجے تک کھل سکیں گی۔تمام قسم کی منڈیاں، آٹو ورکشاپس،تیل کے ڈپو، یوٹیلیٹی سروسز ( بجلی و گیس، انٹر نیٹ، موبائل نیٹ ورکس کال سنٹر) کو بھی شام چھے بجے تک کام کی اجازت ہو گی ۔چاند رات بازاروں، مہندی، چوڑیوں اور کپڑوں کے تمام سٹالز پر مکمل پابندی ہو گی۔ تمام انڈور اور آوٹ ڈور ریسٹورنٹس پر مکمل پابندی ہو گی، صرف ٹیک آویز کی اجازت ہو گی۔پنجاب کے وہ اضلاع جن میں کورونا وائرس پازٹیوٹی کی شرح %8 سے زیادہ ہے وہاں شادی کی تقریبات، کمیونٹی ہال، مارکیز اور مزارات پرمکمل پابندی ہوگی۔ ان اضلاع میں اٹک، بہاولپور، بھکر، چکوال، چنیوٹ،ڈیرہ غازیخان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، جھنگ، قصور،خانیوال، خوشاب،لاہور،منڈی بہاؤالدین،میانوالی، ملتان،مظفر گڑھ،اوکاڑہ، راجن پور، راولپنڈی، رحیم یار خان، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شامل ہیں ۔ صوبہ بھر میں تمام پارک اور سیرو تفریح والے مقامات اور سرگرمیوں پر پابندی ہو گی،تمام تفریخی مقامات،شاپنگ مالز اور پکنک مقامات بند رہیں گے ۔ہر قسم کے سپورٹس،ثقافتی تہواراور اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔ٹرین سروس کل گنجائش کے 70 فیصد مسافروں کیساتھ جاری رہیگی۔متحدہ عرب امارات نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظربھارت کے بعد اب پاکستان،بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا پر بھی سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔ اماراتی نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز مینجمنٹ اتھارٹی اور ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پاکستان، نیپال، سری لنکا سے آنیوالے مسافروں کے ملک میں داخل ہونے پر پابندی کا اطلاق کل 12 مئی کو رات 11۔بجکر 59 منٹ سے ہوگا اورمسافروں کی معطلی کا اطلاق ملک سے جانیوالی پروازوں پر نہیں ہوگا۔یو اے ای سے مذکورہ چاروں ممالک کی جانب جانیوالی پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ پابندی کے شکار ممالک کیساتھ متحدہ عرب امارات کے مابین منظور شدہ سفارتی مشن، سرکاری وفود، کاروبار طیارے اور سنہری ریزیڈینسی ہولڈرز کو سخت ایس او پیز کیساتھ داخلے کی اجازت ہوگی جس میں 48 گھنٹے قبل تسلیم شدہ لیبارٹریز سے کرایا گیا کورونا پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونا بھی شامل ہے ۔پابندی کا اطلاق ٹرانزٹ ویزا رکھنے والے مسافروں پر بھی ہوگا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں33لاکھ15ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں مزید3000 سے زائد اموات اور278000سے زائد نئے مریض رپورٹ، کورونا کی ہلاکت خیزیوں کے باعث دہلی کے لاک ڈائون اور اترپردیش کے کرفیو میں 17 مئی تک توسیع کردی گئی۔ سعودی عرب نے کورونا کے تشویشناک پھیلائو کے باعث بھارت سے اپنے شہریوں کا انخلا شروع کردیا۔ دہلی سے سعودی شہریوں کو لے کر پہلی پرواز سعودہ پہنچ گئی ۔ اٹلی کے مزید تین خطوں میں کورونا پابندیاں کم کرنے کا اعلان کردیا گیا،اٹلی کی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں کورونا کی صورتحال میں بڑی تیزی سے بہتری آرہی ہے ، کیلبریا، بیسی لیکاٹا اور پگلیا کے علاقے اورنج سے پیلے زون میں آجائینگے جبکہ سیسلی اور سردینیا زون مزید ایک ہفتے اورنج زون میں رہیں گے ۔