اسلا م آباد ،لاہور ،کراچی،پشاور ،کوئٹہ ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید48افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد10558ہو گئی ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2435نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد497510ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد33124ہو گئی،2285مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل453828صحتیاب ہو چکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید18مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ676نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 439،راولپنڈی58، ملتان 29،سیالکوٹ 8،فیصل آباد 30اور قصورمیں 7کیسز رپورٹ ہوئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 2 کورونامریض چل بسے ۔ساہیوال میں مزید2مریض جان کی بازی ہار گئے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید9کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ1005نئے کیسزمیں سے 733کراچی سے سامنے آئے ہیں۔خیبر پختونخوا میں مزید8مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ215نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔بلوچستان میں ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا جبکہ37نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔دریں اثنا گیلپ پاکستان نے ایک ہزار سے زائد افراد کی آرا پر مبنی نیا سروے جاری کردیا جس کے مطابق73 فیصد پاکستانیوں نے کورونا وائرس کیخلاف حکومتی کارکردگی کو سراہا ۔ 23 فیصد نے کارکردگی سے غیر مطمئن ہونے کا کہا۔ حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہونے میں پاکستانیوں کی شرح عالمی اوسط سے 21 فیصد زیادہ ہے جبکہ مطمئن افراد کی شرح کے لحاظ سے 32 ممالک میں پاکستان کا نمبر آٹھواں ہے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں19لاکھ14ہزار سے زائد ہو گئیں۔امریکہ میں کورونا کی صورتحال بدتر ہو گئی اور پہلی بار ایک دن میں 4 ہزارسے زائد اموات ہوئی ہیں جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد3لاکھ74ہزارسے زائد ہوچکی ہے ۔ کئی ریاستوں میں یہ وائرس بڑھ رہا ہے ، کیلیفورنیا خاص طور پر شدید متاثر ہے ۔جے ایچ یو کے مطابق امریکہ میں وبائی امراض کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 365،400 کو عبور کر چکی ہے ۔ متعدی امراض کے امریکی ماہر ڈاکٹر انتھونی فوچی نے بتایا کہ یومیہ اموات میں اضافے کا امکان ہے ۔برطانیہ میں مزید 1325 افراد ہلاک ہوگئے ۔سعودی عرب میں کورونا کی نئی شکل کے 10 مریضوں کی تصدیق ہوگئی۔ سعودی وزارت صحت نے ان مریضوں سے رابطے میں آنیوالے تمام افراد کا سراغ لگا لیا،تاہم کسی میں انفیکشن نہیں پایا گیا۔ سائنس دانوں اور ماہرین کے مطابق کورونا وائرس میں تبدیلی آ رہی ہے ، ایک سال کے دوران ہزاروں تغیرات کی نگرانی کی گئی۔ برطانیہ میں طبی تحقیق سے سامنے آیا ہے کہ جوڑوں کے امراض کیلئے استعمال کی جانیوالی 2 ادویہ سے کورونا سے سنگین حد تک بیمار ہر 12 میں سے ایک مریض کی زندگی بچائی جاسکتی ہے ۔تحقیق کے نتائج کے بعد برطانیہ میں ٹوینامی دوا کو 8 جنوری سے آئی سی یو میں زیرعلاج کورونا مریضوں کیلئے استعمال کرانے کا فیصلہ کیا گیا ، یہ موت کا خطرہ ممکنہ طور پر 24 فیصد تک کم کرسکتی ہے ۔ایک اور دواسری لمب بھی نہ صرف زندگیاں بچاتی ہے بلکہ آئی سی یو میں مریضوں کے قیام کا دورانیہ بھی کم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے ۔یہ دونوں ادویہ آئی ایل 6 ریسیپٹر کے طور پر بھی جانی جاتی ہیں۔