اسلا م آباد ،لاہور،ملتان، سیالکوٹ ، کراچی ( رپورٹنگ ٹیم،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید 13افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد28987ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 4.70فیصد رہی،2074نئے مریض رپورٹ ہوئے ۔دریں اثنابیرون ملک سے آنیوالوں کیلئے سینٹرل قرنطینہ پالیسی منسو خ کردی گئی۔این سی او سی نوٹیفکیشن کے مطابق چاروں صوبوں ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کو نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ بیرون ملک سے پہنچنے والے کورونا پازیٹو مسافرگھر پر ہی10روز قرنطینہ کرینگے ۔سرکاری قرنطینہ سنٹرز میں موجودمسافروں کوبھی گھر منتقل کیاجائیگا۔دریں اثناصدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کورونا وائر س کی نئی قسم اومیکرون سے صحتیاب ہوگئے اور ٹویٹس میں کہاکہ میرا ٹیسٹ منفی آگیا ۔ علاوہ ازیں ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس آج طلب کرلی گئی جس میں کورونا کی صورتحال اور بچوں کی ویکسی نیشن کا جائزہ لیکر تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے ۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 445نئے کیس سامنے آگئے ، راولپنڈی اور سرگودھا سے ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ۔ پنجاب میں اومیکرون کیسز میں اضافہ جاری ہے اور تعداد361ہو گئی۔لاہور سے 18نئے اومیکرون مریض رپورٹ ہوئے اور تعداد 345 ہوگئی ۔ کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد سے زائد جبکہ اومیکرون کی شرح 95 فیصد سے زائد ہو گئی ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں55لاکھ26ہزارسے زائد ہو گئیں ۔فرانس میں کورونا کیسز کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، 24 گھنٹے میں 361719نئے مریض سامنے آ گئے جبکہ246 اموات ہوگئیں۔ جرمنی میں بھی ایک دن میں ریکارڈ 80 ہزار سے زائد افرادکورونا میں مبتلاہوگئے ،عوامی مقامات پر ماسک کو لازمی قرار دیدیا گیا ۔ سعودی عرب میں ایک دن میں 5ہزار سے زائد نئے کیسزسے پچھلے ریکارڈ ٹوٹ گئے جبکہ پابندیوں کا دوبارہ نفاذ کیا جا رہا ہے ۔ بلغاریہ میں بھی ریکارڈ 7 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آگئے ۔ریڈ کراس کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں اومیکرون کے پھیلا ئوکے بعد خون کا بحران پیدا ہو گیا کیونکہ عوامی اجتماعات پر پابندی اور تعلیمی اداروں میں بندش کی وجہ سے خون کے عطیات میں بڑی کمی ہو گئی ۔ کورونا کے دوران ریڈ کراس کو بھی بحران کا سامنا ہے ۔ سعودی عرب میں دوسال بعد تعلیمی ادارے 23جنوری کو کھلیں گے ۔