اسلا م آباد ،لاہور(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید17افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد22469 ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.27 فیصد رہی، کوروناکے 1517نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ فعال کیسز34013ہو گئے ،1941مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔این سی اوسی نے کووڈ کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مختلف سیکٹرز میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے لیا ۔اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں این سی او سی نے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایات دیں جبکہ عید الاضحیٰ کیلئے جاری ایس او پیز پر خصوصی عملدرآمد کے احکامات دیئے ۔ افغانستان میں کورونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر مغربی سرحد کو 17جون سے بند کیا گیا تھا ، اس دوران صرف دونوں اطراف پھنسے پاکستانی اور افغان شہریوں کے علاوہ انتہائی ایمرجنسی مریضوں اورطلبہ کو خصوصی رعایت حاصل ہے ۔ افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے چمن اور طورخم بار ڈر پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔جو پاکستانی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر10دن قرنطینہ کیا جائیگا ۔ جن افراد کو ویکسین نہیں لگی یا صرف ایک خوراک لگی ہے کو 10دن اپنے صوبہ میں قرنطینہ میں رکھا جائیگا ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب سارہ اسلم کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 166نئے کیس سامنے آگئے اورمزید5مریضوں کی جان چلی گئی۔ لاہور میں85اورراولپنڈی میں26کیس رپورٹ ہوئے ۔ علاوہ ازیں سارہ اسلم نے این سی او سی کی ہدایات پر پنجاب میں مویشی منڈیوں کیلئے ایس اوپیز جاری کر دیئے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق مو یشی منڈیاں شہری علاقوں سے 2 تا 5 کلومیٹر فاصلے پر لگائی جاسکتی ہیں۔ایک گاڑی میں صرف دو لوگ آسکتے ۔کسی فرد کو منڈی میں بغیر ماسک داخلے ،پانچ سے زائد افراد کو اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں40لاکھ15ہزارسے زائد ہو گئیں۔انڈونیشیا نے ملک بھر میں کورونا لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔