اسلا م آباد ،لاہور (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید29افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد 22408 ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.57فیصد رہی، 1228نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز 32621ہو گئے ،1875مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ملک میں ابتک ایک کروڑ37لاکھ36ہزار438 افراد کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جاچکی جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں 2 لاکھ30ہزار913افراد کو پہلی خوراک لگائی گئی۔ ابتک 32لاکھ64ہزار313افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی جبکہ 24گھنٹوں میں 57382افراد کو دوسری خوراک لگائی گئی۔ ابتک کورونا ویکسین کی ایک کروڑ70 لاکھ751خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں2 لاکھ88ہزار295 خوراکیں لگائی گئیں۔ این سی او سی نے عیدالاضحیٰ کیلئے ہدایات جاری کر دیں، اندرون شہر جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی، مویشی منڈیاں شہروں سے باہر لگائی جائینگی، عملہ اور بیوپاریوں کیلئے ویکسین لگوانا لازمی ہوگا۔علاوہ ازیں گلگت بلتستان میں کورونا کو صورتحال اور ویکسی نیشن کا جائزہ لینے کیلئے ڈی جی این سی او سی کی قیادت میں وفد نے دورہ کیا اور مقامی عمائدین کو آگاہ کیا کہ تمام سیاحتی مقامات کی رجسٹرڈ آبادیوں کو 100 فیصد ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔گلگت بلتستان میں بھی کورونا کی روک تھام اور ویکسی نیشن میں بہتری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ۔دریں اثنا چین سے سائنو فارم ویکسین کی مزید 7 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں جبکہ سائنو ویک کی 20 لاکھ خوراکیں آج اور کل پہنچیں گی۔ اسلام آباد میں ایف نائن پارک سنٹر میں شہریوں کو امریکی موڈرنا ویکسین لگانا شروع کردی گئی۔ موڈرنا ویکسین آج سے ملک بھر کے منتخب49 ویکسی نیشن سنٹرز پر دستیاب ہوگی۔جن میں پنجاب کے 15اوراسلام آباد کے 5ویکسی نیشن مراکز شامل ہیں۔ادھر اسلام آباد میں کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھانے لگا۔ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ 3 دنوں سے اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ۔انہوں نے گراف بھی جاری کیا جس میں شہر اقتدار میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب سارہ اسلم کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 146نئے کیس سامنے آگئے اورمزید5مریضوں کی جان چلی گئی ، لاہور میں 2اموات ہوئیں ۔ لاہور میں70، راولپنڈی 38اورفیصل آباد میں2کیس رپورٹ ہوئے ۔ گزشتہ روز صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 0.8 رہی، لاہور میں مثبت شرح 1.6،فیصل آباد میں 0.2، ملتان میں 0.8اور سرگودھا میں0.4 ریکارڈ کی گئی ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں 39لاکھ93ہزارسے زائد ہو گئیں۔سعودی عرب میں پاکستانی سفیر بلال اکبر نے بیان میں کہا کہ رواں سال حج کے بعد سعودیہ میں چینی ویکسین سائنو فارم کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ سعودیہ کیلئے پی آئی اے کی فلائٹس کی بحالی اسی ماہ متوقع ہے ۔ چینی ویکسین کی منظوری کیلئے دو ماہ سے کوشاں اور سعودی حکام سے رابطے میں ہیں۔علاوہ ازیں سعودی وزارت تعلیم نے نئے تعلیمی سال کو وبا سے محفوظ ماحول میں شروع کرنے کیلئے 12 سال سے زائد عمر کے 27 لاکھ سے زائد طلبہ کو کورونا ویکسین لگوانے کیلئے رضا کارانہ مہم شروع کی ہے ،اس دوران اساتذہ اور عملے کو بھی ویکسین لگائی جائیگی ۔برازیل میں سست ویکسی نیشن پر عوام سراپا احتجاج ہیں،مختلف شہروں میں ہزراوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور بڑے مظاہرے کئے جن میں صدر بولسونارو کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے انکے مواخذے کا مطالبہ کیا۔بھارتی دواساز فرم بھارت بائیو ٹیک نے دعویٰ کیا ہے کہ اسکی ساختہ کورونا ویکسین کلینیکل جانچ کے تیسرے مرحلے میں 93.4فیصدتک موثر ثابت ہوئی ۔کوویکسین کورونا وائرس کی بھارتی نئی شکل ڈیلٹا سے بھی 65.2فیصد تک تحفظ مہیا کرتی ہے ۔