اسلا م آباد ،لاہور(رپورٹنگ ٹیم، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید39افرادکی جان لے لی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.60 فیصد رہی،1212نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 44828ہو گئے ،3079مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ مزید 1190424افراد کو ویکسین لگائی گئی۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں 465نئے کوروناکیس سامنے آئے جبکہ لاہور کے 6سمیت مزید14مریضوں کی جان چلی گئی۔لاہور میں221، راولپنڈی 24، فیصل آباد20، قصور 19، شیخوپورہ میں4کیس رپورٹ ہوئے ۔لاہور میں مثبت کیسز شرح 4.1فیصد رہی۔پی سی بی کے مطابق نیشنل ٹی ٹونٹی میں شریک بلوچستان کرکٹ ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کے کوروناٹیسٹ مثبت آگئے ، ان کو دس روز کیلئے قرنطینہ کردیا جبکہ ٹورنا منٹ کیلئے سیکنڈ ٹیم سے کھلاڑی لینے کی اجازت دیدی ۔ آج میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں48لاکھ35ہزار سے زائد ہو گئیں۔ سعودی حکومت نے اقامہ ہولڈرز کو براہ راست سعودی عرب آنے کی مشروط اجازت دیدی۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق پاکستان سمیت دیگر سفری پابندیوں کے حامل ممالک میں موجود مملکت کے اقامہ ہولڈرز غیر ملکی جن کا تعلق شعبہ تدریس سے ہے وہ اور انکے اہلخانہ ، سکالر شپ والے غیر ملکی طلبہ براہ راست سعودیہ آسکتے ، تاہم انہیں قرنطینہ ہونا اورویکسین بھی لگوانا ہو گی۔