اسلا م آباد ،لاہور، راولپنڈی،کراچی (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید53افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد 23918ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.54فیصد رہی، 4040نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز83298ہو گئے ،3805مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 2765مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ ابتک76لاکھ35ہزار391افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ۔ ابتک ویکسین کی3 کروڑ74 لاکھ24ہزار706خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جبکہ 24گھنٹوں میں10 لاکھ96ہزار550 خوراکیں لگائی گئیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں ملک اور خاص طور پر راولپنڈی اور پشاور میں کورونا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ پرتشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ متعلقہ اکائیوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ۔ این سی اوسی نے یکم اکتوبر سے ویکسین کے بغیر ریلوے کے سفر پر پابندی کا اعلان بھی کردیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم اکتوبر سے صرف ویکسینیٹڈ شہری ہی ریلوے پر سفر کر سکیں گے ۔اجلاس کے دوران محرم الحرام کیلئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ فورم نے ویکسی نیشن کے عمل پر اظہار اطمینان جبکہ ویکسین کی دوسری خوراک بروقت لگوانے کیلئے اقدامات پر زور دیا ۔ این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں وزارت ریلوے بھی ویکسی نیشن کیلئے اہم اقدامات کررہی ہے ۔یکم اکتوبر کے بعد کم از کم کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والے مسافروں کو ہی سفر کرنے کی اجازت دی جائیگی ۔ ویکسین لگوانے سے متعلق عوام کی آگاہی کیلئے پاکستان ریلوے باقاعدہ مہم کا آغاز کر رہا ہے ۔ ریلوے سٹیشنوں پر پوسٹرز لگائے ، پمفلٹ تقسیم کئے اور اعلانات کئے جائینگے ۔ ریلوے ٹکٹس پرویکسین آگاہی پیغامات بھی پرنٹ کئے جائینگے ۔ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 1036نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس17949 ہو گئے جبکہ مزید 7مریضوں کی جان چلی گئی۔ لاہور میں 565 ، راولپنڈی 134 ، فیصل آباد 29اور شیخوپورہ میں17 کیس رپورٹ ہوئے ۔صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 5.3 جبکہ لاہور میں 9.2 ،راولپنڈی میں15.8 ریکارڈ کی گئی۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم کے مطابق پنجاب میں ابتک کورونا کے 335530مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں ۔ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر مسلسل ریکارڈ ویکسی نیش ہو رہی ہے ، 2 کروڑ سے زائد شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی۔سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر محمد عامر جان کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مزید501کورونامریض صحتیاب ہو گئے ،4907 بیڈ خالی ہیں۔ لاہور میں985بیڈاور142وینٹی لیٹر خالی ہیں۔ادھرراولپنڈی میں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔علاوہ ازیں پنجاب کے چار ہائی رسک اضلاع لاہور، ملتان ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ان ڈور شادی تقریبات پر پابندی کا اطلاق شروع ہو گیا۔پنجاب حکومت نے پابندیوں میں ترمیم کرتے ہوئے آوٹ ڈور شادی کی تقریبات میں مہمانوں کی تعداد کو 400 سے کم کر کے 300 تک کر دی ۔ کراچی سمیت سندھ میں 9 روزہ پابندیوں کے بعد نرمی پر کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق چل پڑی، سڑکوں کی رونقیں بحال ہوگئیں جبکہ کئی مارکیٹوں کی دکانیں معمول کے وقت سے قبل ہی کھل گئیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید20کورونا مریض انتقال کر گئے جبکہ 1390 نئے کیسزمیں سے 870 کراچی سے سامنے آئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں 43لاکھ15ہزار سے زائد ہو گئیں۔کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا کی تباہ کاریاں جاری ہیں، امریکہ میں فلوریڈا کے ہسپتال متاثرہ بچوں سے بھر گئے جبکہ نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی وبا کا شکار ہے ۔امریکی محققین نے کورونا سے صحتیاب افراد کیلئے بھی ویکسین کو ضروری قراردیدیا۔ادھرروس کے علاقے شمالی اوسیشیا کے ہسپتال میں آکسیجن پائپ پھٹنے سے 9 کورونا مریض ہلاک ہو گئے ۔