اسلا م آباد ،لاہور،ملتان،کراچی،پشاور،کوئٹہ ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید 54افرادجاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد 7897ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 3113نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 389311ہوگئی جبکہ فعال کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور انکی تعداد 45533 ہو گئی،2112مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 335881صحتیاب ہو چکے ۔اسلام آباد میں مزید8،سندھ میں مزید19،خیبر پختونخوا میں مزید2، آزاد کشمیر میں مزید3 اموات ہوئیں ۔این سی او سی کے اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ فورم کو ماہرین صحت نے بتایا کہ ملک میں کورونا مثبت کیسز کا تناسب 7.20 فیصد ہے ۔تشویشناک مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔وفاقی اکائیوں کے ذریعہ علما،میرج ہال ایسوسی ایشن کیساتھ میٹنگز کی گئی ہیں۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہماری بنیادی ذمہ داری عوام کی حفاظت اور صحت ہے اور وزارت صحت کے ذریعہ وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایات کے ذریعے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جانا چاہئے ۔ فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔جوڈیشل کمپلیکس میں قائم انسداد دہشتگردی عدالت نمبر 1 کے جج راجہ جواد عباس حسن کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔عدالتی عملہ کے مطابق جج راجہ جواد عباس حسن نے خود کو قرنطینہ کر لیا ، پیر کو عدالتی عملے کا بھی ٹیسٹ کیا جائیگا۔ اسلام آباد کے سب سے بڑے ہسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)کے 200ملازمین کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں ۔ترجمان پمز ڈاکٹر وسیم خواجہ ہسپتال نے کہا کہ پمزسٹاف کے اب تک 137افراد کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں، پمز میں2 10افراد تا حال زیرعلاج ہیں۔ کورونا کی وجہ سے پمز ہسپتال میں ہائی الرٹ ہے ،مرکزی او پی ڈی ، بچوں کی او پی ڈی کو بند کر دیا گیا۔ کورونا میں مبتلامسلم لیگ ن کی سینیٹرکلثوم پروین کی طبیعت ناساز ہوگئی، سانس لینے میں دشواری پر پمز ہسپتال سے نجی ہسپتال منتقل کرکے آکسیجن لگا دی گئی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی کی اہم رہنما ثمر ہارون بلور کورونا میں مبتلا ہوگئیں جس کے بعد خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا۔لاہور قلندرز کے فاسٹ بائولر دلبر حسین بھی کوروناکا شکار ہو گئے ۔ سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کے مطابق دلبر حسین گزشتہ ہفتے سے آسٹریلیا میں قرنطینہ میں ہیں۔ دلبر حسین نے بگ بیش لیگ میں میلبرن سٹارز کی نمائندگی کرنی ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید22مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ654نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 176،راولپنڈی161،لودھراں 42،بہاولپور48،ملتان 39،سیالکوٹ16،سرگودھا10،اٹک 13، فیصل آباد 21،گجرات21،خوشاب23،اوکاڑہ11اور ساہیوال میں 5کیسز رپورٹ ہوئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید3 مریض جاں بحق ہوگئے ۔ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات حیدرآباد زاہد مصطفیٰ میمن کورونا سے جاں بحق ہوگئے ۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں ہلاکتوں کی تعداد 2897 ہوگئی جبکہ 1423 کیسز کی تشخیص ہوگئی ، جو موجودہ تشخیصی شرح 11.6 فیصد ہے جوکہ خطرناک ہے ۔بلوچستان میں 6طلبہ سمیت 38 نئے مریض سامنے آگئے ۔دنیا بھر میں ہلاکتیں14لاکھ44ہزارسے زائدہوگئیں۔سوئیڈن کے شہزادہ کارل فلپ اور انکی اہلیہ شہزادی صوفیا بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔برطانوی حکومت نے لندن میں کورونا پابندیاں جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ایک ماہ کا لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد بھی لندن میں گھروں میں اجتماعات اور چھ لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی برقرار رہیگی۔برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک کے مطابق انگلینڈ کے مزید علاقے کورونا پابندیوں کے سخت ترین درجے میں شامل ہونگے ۔ 2 دسمبر کے بعد پابندیاں سخت کی جائینگی۔ لندن میں کیسز بڑھ رہے ہیں، ہمیں ان پر قابو پانا ہے ۔لندن کورونا پابندیوں کے دوسرے درجے ہائی الرٹ میں شامل ہوگا۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا کیسز بے قابو ہونے پر ہسپتالوں میں فوجی ڈاکٹرز اور نرسز کو بھی تعینات کر دیا گیا۔ روسی فوج نے پہلے مرحلے میں 4 لاکھ اہلکاروں کو کورونا ویکسین لگانے کی مہم شروع کر دی۔