اسلا م آباد ،لاہور(وقائع نگار،رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید67افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد23529ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.19فیصد رہی، 3582نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز75373ہو گئے ،3398مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 1355مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔دریں اثنا ملک میں ایک روز میں کورونا ویکسین لگانے کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی اسد عمرنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک روز میں 10 لاکھ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا ہدف عبور کر لیا۔ کورونا سے بچائو کیلئے گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار342 افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ وفاقی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ ویکسی نیشن ہو رہی ۔ اسلام آباد پاکستان کا پہلا شہر ہے جہاں ویکسی نیشن مہم تیزی سے جاری ہے جبکہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد میں ریکارڈ ویکسی نیشن ہوئی ۔ ملک میں ویکسین لگوانے والوں کی کل تعداد 3 کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581 ہوگئی۔ اسلام آباد کی 50 فیصد آبادی کو ویکسین کی ایک خوراک لگ چکی، پشاور اور راولپنڈی کی 35فیصد، فیصل آباد کی28 ، لاہور،گوجرانوالہ ، سیالکوٹ اور سرگودھا کی 27 فیصدجبکہ کراچی کی 26 اور حیدرآباد کی 25 فیصدآبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ۔ ایک بار پھر عوام سے اپیل ہے کہ کوروناایس اوپیز پر عمل کریں اور جلد از جلد ویکسی نیشن کرائیں۔ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 652نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 13777ہو گئے جبکہ لاہور کے 5سمیت صوبہ میں مزید16مریضوں کی جان چلی گئی اوراموات کی کل تعداد11081ہو گئی۔ لاہور میں349،راولپنڈی میں57اورفیصل آبادمیں34 کیس رپورٹ ہوئے ۔صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 3.3 رہی جبکہ لاہور میں 4.7 ،راولپنڈی میں 8.0, فیصل آباد میں 3.9 ریکارڈ کی گئی۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈور ٹو ڈور سوشل موبیلائزیشن ویکسی نیشن مہم جاری ہے جبکہ 24گھنٹوں میں 581044 افراد کو ویکسین لگاکر نیا ریکارڈ قائم کردیا گیا۔علاوہ ازیں پنجاب کے منتخب اضلاع لاہور، راولپنڈی ،فیصل آباد اورملتان میں نئی لاک ڈائون پابندیوں کے باعث بازاروں ،مارکیٹوں میں رش کم رہا، ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ بند ر ہی، تمام کاروباری مراکز کے اوقات کار رات 8 بجے تک رہے ۔ میڈیکل سروسز، فارمیسیز، طبی مراکز صحت،پھل اور سبزی،چکن اور میٹ کی دکانیں، پٹرول پمپ، تندور، بیکریاں 24 گھنٹے کھلے رہے ۔لاہور بھر کی مارکیٹوں کو رات 8بجے بند کر دیا گیا، اس ضمن میں پولیس کی جانب سے مارکیٹوں کے عہدیداروں سے رابطے کر کے ہدایت کی جاتی رہی جبکہ ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ احمد رضا بٹ اور ایم ایم پی آئی پنجاب محمد اقبال کی جانب سے لاری اڈے سمیت تمام ڈی کلاس بس سٹینڈزپر پبلک ٹرانسپورٹ میں 50فیصد مسافروں کو ہی بٹھانے کی اجازت دی گئی جبکہ خلاف ورزی پر متعدد گاڑیوں کیخلاف کارروائی بھی کی گئی ۔ وفاقی ضلعی انتظامیہ نے بھی نئی پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔دریں اثنا پنجاب حکومت نے این سی او سی کی سفارشات کے مطابق محرم الحرام میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرسارہ اسلم کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،میڈیکل سپرنٹنڈ نٹس، چیف ایگزیکٹو آ فیسرز کو جاری مراسلہ میں محرم الحرام میں مجالس کیلئے تفصیلی ایس او پیز جاری کئے گئے ہیں۔ مراسلے کے مطابق محرم الحرام میں عزاداروں کی موبائل ویکسی نیشن کا انتظام کیا جائیگا۔یکم محرم سے عزاداروں کی آن سپاٹ ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا ۔ انتظامیہ مجالس اور عزاداری جلوس میں ماسک اور سینیٹائزر کی سہولت یقینی بنائے ۔ مجالس کیلئے ویکسینیٹڈ ذاکرین (کم از کم ایک ڈوز) کو اجازت ہوگی۔مجالس میں بچے ،بیمار اور عمر رسیدہ افراد شامل نہ ہوں۔جلوس کے شرکا اور ذاکرین ماسک پہننے ،سماجی فاصلے اور ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں42لاکھ55ہزار سے زائد ہو گئیں۔متحدہ عرب امارات نے 5 اگست سے پاکستان اور بھارت سمیت متعدد ممالک کی ٹرانزٹ مسافروں و فلائیٹس پر پابندی ختم کر دی جبکہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ، رہائشی پرمٹ، امارات میں میڈیکل، تعلیم یا کسی حکومتی شعبے میں ملازمت و دیگرمخصوص شرائط پوری کرنیوالے افراد کو یو اے ای میں داخلے کی اجازت بھی دی جائیگی۔دریں اثناء چین سے کوروناویکسین کی مزید 12 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق چین سے 12 لاکھ کین سائنو ویکسین ڈوز اسلام آباد پہنچی ہیں جو کہ وزارت صحت کے حکام کے حوالے کر دی گئی ہیں۔دری اثناء کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نہ ہونے پراسلام آباد ایئرپورٹ پر 10 مسافروں کو روک لیا گیا۔منیجر اسلام آبادایئرپورٹ عدنان خان کے مطابق اندرون ملک پروازوں کے مسافروں کیلئے کوروناویکسی نیشن سرٹیفکیٹ رکھنا لازمی ہے ۔ سی اے اے ٹاسک ٹیمیں متحرک ہیں، بغیر سرٹیفکیٹ سفر کی اجازت نہیں۔ اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر ایکشن لیتے ہوئے کراچی اور لاہور جانیوالے مسافروں کو روک لیا۔ مجموعی طور 110مسافروں کو آف لوڈ کیا چکا ہے ۔