اسلام آباد، لاہور، کراچی ( خبر نگار خصوصی، وقائع نگار ،جنرل رپورٹر ،اپنے رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر ) ملک میں کورونا کا وائرس مزید 43 افراد کی جانیں نگل گیا جبکہ 2117 نئے مریض سامنے آئے ہیں،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی، این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی شرح کم ہوکر 4فیصد پر آگئی ہے ، ویکسی نیشن کی بڑی مہم شروع کررہے ہیں ،کوشش ہے جولائی تک اتنی ویکسی نیشن ہو جائے کہ بندشوں کی ضرورت نہ رہے ،بکرا عید پر ویسی پابندیاں نہیں لگانا چاہتے جیسی عیدالفطر پر لگائی تھیں،ای سی سی نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے این ڈی ایم اے کے لیے 20ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ روز 52 ہزار 223 ٹیسٹ کئے گئے ، مثبت کیسز کی شرح 4.05 رہی۔ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 21 ہزار 53 ہوگئی ہے ، جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 20 ہزار779 ہے ۔وزیراعظم کے زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کورونا کی موجودہ صورتحال، ویکسی نیشن مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا،وزیر اعظم نے ویکسی نیشن اور ایس او پیز پر عمل درآمد کے لئے موثر اقدامات اٹھانے پر صوبوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جون جولائی میں دو کروڑ ویکسین پاکستان پہنچیں گی۔ اس سال کے آخر تک 7 کروڑ افراد کوویکسین لگوانا چاہتے ہیں ویکسین لوگوں تک پہنچانے کی بڑی مہم شروع کررہے ہیں ،آج میڈیا مالکان اور اینکرز کو آگاہی مہم کیلئے این سی او سی اجلاس میں بلایا ہے جبکہ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 18سال سے زائد عمر کے رجسٹرڈ افرادکی ویکسی نیشن 3جون سے شروع کی جائے گی، پاکستانی اﷲ کا شکر ادا کریں کورونا سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ای سی سی کا اجلاس وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں اسدعمر، محمدمیاں سومرو، اعظم سواتی، عبدالرزاق دائو د، ڈاکٹرعشرت حسین، ڈاکٹروقارمسعود، سیکرٹری خزانہ نے شرکت کی۔ یہ فنڈز جون 2021 میں ایک کروڑ ویکسین کی خریداری کیلئے استعمال میں لائے جائیں گے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے مالی سال میں اضافی فنڈز کی ضرورت کا جائزہ لیا جائیگا اوراس کے مطابق فنڈز فراہم کئے جائیں گے ،ویکسین کی فراہمی اورلگانے کی ذمہ داری وزارت صحت، خدمات اورمتعلقہ صوبائی محکمہ ہائے صحت کی ہوگی۔ پنجاب میں کورونا کے 589 نئے کیسز، تعداد 339662 ہو گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہورمیں 235، ننکانہ 9، قصور 9، شیخوپورہ 16، راولپنڈی 25، گوجرانوالہ 10 ، فیصل آباد میں 10 کیس سامنے آئے ۔لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی، صوبہ بھر میں کورونا سے مزید 17 اموات ہوئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں 19 مریض انتقال کرگئے جبکہ 914 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا ،بلوچستان میں 10 ویں اور 12 ویں کی کلاسز کا آغاز ہو گیا۔ این سی او سی کی ہدایت کے مطابق 50 فیصد طلبا کو بلایا گیا، پنجاب کے تمام اضلاع میں دھوبی ہفتے کو بھی کام کرسکیں گے ، لانڈری اور ڈرائی کلینگ شاپس ہفتے والے دن صبح 8 سے شام 8 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی گئی ۔ صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم نے کہاہے کہ پنجاب نے گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 1لاکھ 80ہزارسے زائد شہریوں کو ویکسین لگائی، ڈاکٹریاسمین راشد نے سارہ اسلم کو شاباش دی۔سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر نبیل اعوان نے بتایا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 577 مریض صحت یاب ہو گئے ۔ٹریفک پولیس نے بغیر ماسک ڈرائیونگ پر مزید 4347 گاڑیوں کے چالان کئے ، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 50 پبلک سروس وہیکلز بھی بندکی گئیں، ریلوے پولیس نے فیس ماسک نہ لگانے پر10سے زائد مسافروں کو پکڑ لیا اور جرمانہ وصول کیا جبکہ کمشنر لاہور کے ترجمان کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فیصل ٹائون کے دو ریسٹورنٹس سیل کر دیئے گئے ۔ گزشتہ روز شہر کے پارک محدود اوقات کار کے لئے ہی کھولے گئے ۔ پی ایچ اے کے وائس چیئرمین حافظ ذیشان رشید کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے تحریری ہدایات وصول نہیں ہوئی ،آج تحریری ہدایات ملنے کے بعد پارک کھول دیے جائیں گے ۔ کورونا سے دنیا بھر میں ہلاکتیں3556724ہو گئیں اور کیسز17کروڑ10لاکھ32ہزار سے تجاوز کر گئے ۔ امریکہ متاثرہ ممالک میں پہلے نمبر پر جہاں ہلاکتیں 609544ہو گئیں جبکہ کیسز3کروڑ40لاکھ 43ہزار سے بڑھ گئے ۔ بھارت میں کورونا سے ہلاکتیں329125ہو گئیں ،کیسز2کروڑ80لاکھ46ہزار سے بڑھ گئے ۔ سعودی عرب کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اب تک 40 فی صد آبادی کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے ۔ تھائی لینڈ میں کورونا مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو نے لگا، نصف تعداد جیلوں میں قید افراد پر مشتمل ہے ، آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں لاک ڈائون کے چوتھے روز کورونا وائرس کے مقامی منتقلی کے مزید 11 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔جنوبی افریقہ میں کورونا کیسز میں اضافے پر رات کے کرفیو میں توسیع کر دی گئی ۔