کورونا پر قابو پا نے کے حکومتی اقدامات اور ویکسینیشن کے عمل کے باعث ملک میں کورونا کے مریضوں میں65فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے جو ایک اچھا شگون ہے۔ امید کی جا سکتی ہے کہ آئندہ مہینوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مزید کمی ہو جائے گی جس سے وبا کے ملک سے مکمل خاتمے میں مدد ملے گی۔ ملک میں جہاں دو ماہ پہلے تک کورونا مریضوں کے جاں بحق ہونے کی تعداد سوا سو سے بھی تجاوز کر گئی تھی اب یہ بہت حد تک کم ہو گئی ہے‘ جمعرات کو ملک میں کورونا سے 46افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات تھیں جبکہ کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد میں اسی تناسب سے کمی واقع ہورہی ہے جو اس امر کی غماز ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے،عوام کی جانب سے کی جانے والی احتیاط اور ویکسین کے عمل کے مفید نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں حکومت نے چین سے کورونا ویکسین کی پونے تین کروڑ سے زائدخوراکوں کی خریداری کے معاہدے کئے ہیں ۔ان ویکسینز میں سائینو فام ،سائینو ویک اورکین سائنو اوران کا خام مال شامل ہے۔ ان ویکسین کی بڑی مقدار میں موجودگی سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن کا عمل مکمل ہو گا جس سے سال کے آخر تک ملک سے کورونا کے خاتمے کو ممکن بنایا جا سکے گا۔ لہذا بیس سال کی عمر تک کے تمام نوجوان اور بزرگ شہری اپنی ویکسینیشن کرائیں تا کہ وطن عزیز سے وبا کے خاتمے کو ممکن بنایا جا سکے ۔