اسلا م آباد ،لاہور،ملتان،سیالکوٹ،کراچی،پشاور،کوئٹہ ،واشنگٹن،برلن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید59افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد10409ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1947نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد490476ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد35707ہو گئی،2219مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ444360صحتیاب ہو چکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید36مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ679نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 377،راولپنڈی90،بہاولپور31،ملتان 36،فیصل آبادمیں43کیسز رپورٹ ہوئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا میں مبتلا مزید2 مریض جاں بحق ہو گئے ۔سیالکوٹ میں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں کرونا میں مبتلا ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا۔پیپلز پارٹی کے اہم رہنما اور سابق وزیر داخلہ سندھ منظور وسان بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اور خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ۔ منظور وسان نے پی ایس 88 ملیر سے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرارکھے ہیں، مذکورہ نشست پر16 فروری کو ضمنی انتخاب کا معرکہ ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر سنٹرل ایم بی دھاریجو بھی کوروناوائرس میں مبتلا ہوگئے اور خود کو اپنی رہائش گاہ میں قرنطینہ کرلیا ۔کراچی میں عالمی وبا نے ایک اور ڈاکٹر انجم سلیم کی جان لے لی،وہ زچہ و بچہ کی ڈاکٹر تھیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید11کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ1049نئے کیسزمیں سے 828کراچی سے سامنے آئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں ڈاکٹر صفدر علی شاہ بھی کورنا سے جاں بحق ہوگئے ،وہ تحصیل بانڈہ داود شاہ ضلع کرک کے رہائشی اورکئی دنوں سے بیمار تھے جبکہ بطور پرنسپل میڈیکل آفیسر ریٹائرڈ ہوئے تھے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں18لاکھ70ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت کی مقامی فلم نگری کے معروف نغمہ نگار انیل پنچورن بھی کورونا کے باعث چل بسے ،انہوں نے کئی فلموں میں اداکاری بھی کی تھی۔جرمنی میں گنجان آباد مغربی ریاست نارتھ رائن ویسٹ فالیا کے قصبے ہیرفورڈ میں کورونا لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر پولیس نے ایک گرجا گھرپر اچانک چھاپہ مار کر وہاں جاری عبادت رکوا دی جس میں150 افراد شریک تھے جنہوں نے ماسک بھی نہیں پہنے ہوئے تھے ۔ پولیس نے چرچ سروس میں مداخلت کر کے لوگوں کو منتشر کر دیا۔آسٹریا میں مزید 100 لوگ ہلاک ہو گئے ۔جاپان کے معروف سومو ریسلر ہاکوہو شو بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ،سونگھنے کی حس ختم ہونے پر انہوں نے کورونا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا۔سپین میں کرسمس پر لاک ڈاون میں نرمی کے نتیجہ میں اب مختلف علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ کاتالان حکومت نے نئے انسداد کورونااقدامات کی منظوری دی ہے جو 7 سے 17 جنوری تک نافذ ہونگے ۔صوبہ بھر میں نقل و حرکت پر پابندی لگادی گئی ، ضروری سامان کے علاوہ ہر قسم کے کاروبار،شاپنگ مالزاور جمز بند رہیں گے ۔ تفریحی سرگرمیوں کو بھی منسوخ کر دیاگیا۔