لاہور(احتشام الحق) کرونا کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کھیلوں کی سرگرمیا ں بند ہیں جبکہ انگلینڈ ڈومیسٹک کرکٹ میں کاؤنٹی اور مائنرکرکٹ کی منسوخی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی رمضان میں کلب کرکٹ کیلئے این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔جس کے باعث کھلاڑیوں کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پی سی بی اعلامیہ کے مطابق کورونا وائرس جیسی عالمی وباء کے پیش نظر ماہ مقدس ’’ رمضان‘‘میں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی کیلئے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ چند منتظمین نے رمضان کرکٹ کیلئے این او سی کے حصول کی غرض سے رابطہ کیا ہے ۔ مگر اس وقت مناسب یہی ہے کہ ہم اس سلسلے میں اپنی واضح اور جامع پالیسی پر عمل کریں۔ جب تک حالات معمول پر نہیں آتے پی سی بی کی جانب سے رمضان کرکٹ کے لئے کوئی این او سی جاری نہیں کیا جائیگا۔ یہ ایک مشکل صورتحال ہے جہاں دنیا بھر میں معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور اس وقت تمام تر توجہ صرف لوگوں کی صحت اور حفاظت پر مرکوز ہے ۔ پی سی بی منتظمین اور کرکٹرز سے درخواست کرتا ہے کہ وہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرتے ہوئے گھروں میں رہیں اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی اجتماعی سرگرمی سے دور رہیں۔پی سی بی اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے ۔ملازمین کے علاوہ تقریباََ 220پیشہ ور کرکٹرز پی سی بی کے پے رول پر ہیں۔