اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا نے پوری دنیا کو تبدیل کردیا، موجودہ حالات میں ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سٹیل ملز کی نجکاری میں ملک کا فائدہ ہے ، حکومت ملازمین کو نکال کر سڑکوں پر نہیں پھینکے گی ،ان کو گولڈن ہینڈ شیک دینگے ، اپوزیشن نے نجکاری کے حوالے سے جو باتیں کیں ان کو چھوڑ دیں۔ماضی میں کوئی حکومت سٹیل ملز سمیت کسی بھی اہم ادارے کو منافع بخش نہیں بنا سکی، بے انتہا سیاسی بھرتیاں کی گئیں اور کرپشن بھی بہت زیادہ کی گئی جس سے خسارہ 1.3کھرب سے بھی اوپر چلا گیا۔ اگر کورونا نہ آتا تو شاید سٹیل ملز سے متعلق ہم کوئی اور فیصلہ کرتے ، موجودہ حالات میں معیشت کو بڑے چیلنجز درپیش ہیں،اگر کوئی ادارہ ہمیں کما کر نہیں دیتا تو کم از کم وہ نقصان میں تو نہ چلے ۔ جسٹس فائز عیسیٰ کیس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، کیس کو واپس لینے یا نہ لینے کے حوالے سے فروغ نسیم یا شہزاد اکبر ہی بتا سکتے ہیں، مگر اب تک ہماری کسی میٹنگ میں اس حوالے سے بحث نہیں ہوئی۔