لاہور(کامرس رپورٹر، خصوصی نمائندہ، این این آئی)پیپلز پارٹی پنجاب کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے میں حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب میں لیڈرشپ نام کی کوئی چیزنظرنہیں آرہی جس سے ناصرف کنفیوژن بڑھ رہی ہے بلکہ ہرکام تاخیر کاشکار ہورہا ہے ،پنجاب حکومت کی نا اہلی نے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے لوگوں کی زندگیاں دا ئوپرلگا دی ہیں،پنجاب میں مستحق افراد کو فی الفور د و اقساط میں20 ہزار روپے ادا کئے جائیں،پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہان پرمشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس کو روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دی جائے ،اگر حکومت یہ کام نہیں کرتی تو سپیکر پنجاب اسمبلی اس عمل کو یقینی بنائیں،بجلی کے 5ہزار،گیس کے 2ہزار اور پانی کے 1 ہزار کے بل معاف کئے جائیں ،زراعت کو خصوصی پیکج دیا جائے ،زرعی قرضوں پر سود معاف کیا جائے اور ان کی وصولی فوری روک دی جائے ،کورونا وائرس کی وجہ سے کسانوں کو ہونے والے نقصانات کا فوری ازالہ کیا ،قومی ہم آہنگی اورعوام میں اعتماد کو فروغ دینے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو کورونا کے حوالے سے قومی منصوبہ کی تیاری اور عملدرآمد میں شامل کیا جائے ،وزیراعظم اپنے اثاثوں کا 10 فیصد ریلیف فنڈ میں دیں تاکہ دیگر لوگوں کے لئے بھی ایک مثال بن سکے جبکہ اے پی سی میں شامل حکومتی اتحاد میں شامل جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما کامل علی آغانے کہا کہ صرف پنجاب نہیں ملک بھر میں کورونا کے بڑھنے پر اظہار تشویش کرے ،کورونا ٹیسٹ کا نظام بہتر بنانے کے علاوہ لوگوں کو فاقوں سے بچاناہوگا۔کورونا وائرس بارے پیپلزپارٹی پنجاب کے زیر اہتمام ویڈیولنک پر آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی چودھری منظور احمد اور سید حسن مرتضی نے کی۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کرونا بحران میں وزیراعظم اور انکی ٹیم بڑی طرح ناکام ہوئی ہے ۔ٹائیگرز فورس کی بجائے پرانا بلدیاتی ڈھانچہ بحال کہا جائے ۔سندھ کی طرز پر محلہ کمیٹیاں بنائی جائیں۔ریلیف فنڈ کی تقسیم کیلئے پنجاب حکومت کے پاس کوئی میکنزم نہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومتی نا اہلی سے کرونا کم ہونے کی بجائے زیادہ پھیل رہا ہے ۔ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کو کٹس کے بغیر کرونا سے لڑنے کا کہا جارہا ہے ۔یہی حالات رہے تو ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹی چھوڑ سکتے ہیں، حکومت نیب کے ذریعے اپوزیشن اور میڈیا کو کنٹرول کر رہی ہے ، سید حسن مرتضی نے کہا پیپلزپارٹی نے اس کانفرنس میں پی ٹی آئی کو بھی مدعو کیا تھا لیکن افسوس کہ وہ شریک نہیں ہوئے ۔ پنجاب حکومت کے کرونا کے خلاف اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں،سپیکر فی الفور پنجاب اسمبلی کا ویڈیولنک پر اجلاس بلائے اگر پنجاب اسمبلی کا اجلاس ممکن نہیں تو پارلیمانی لیڈر کا اجلاس بلایا جائے ۔ کانفرنس میں مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی،مسلم لیگ(ق)،اے این پی ،برابری پارٹی ،جے یو آئی اور دیگر جماعتوں کے رہنمائوں نے اپنے خیالات کا اظہاراور تجاویز پیش کیں۔