اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کوکورونا وائرس سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کو وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور ڈائریکٹر جنرل آپریشن اینڈ پلاننگ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میجر جنرل آصف محمود گورائیہ نے کوویڈ 19 کی تازہ ترین صورتحال اور اس سلسلے میں کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،وفاقی وزراحماد اظہر،خسرو بختیار، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان ،مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، مشیر نیشنل سکیورٹی ڈاکٹر معید یوسف اور اعلیٰ عسکری حکام بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ آپریشن کو ہدایت کی کہ وہ صحت کے انتظام، مالی اثرات، سماجی و اقتصادی اور فوڈ سکیورٹی، سٹرٹیجک مواصلات، بیداری پر توجہ مرکوز کریں۔وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اور آپریشن سنٹر کے قیام اور ابتک کی پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں نیشنل کمانڈ اور آپریشن سنٹر کے ذریعے ملک میں فیصلوں کے موثر نفاذ کیلئے کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ کوویڈ 19 کے پھیلنے پر قابو پالیا جاسکے ۔وزیر اعظم عمران خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک میں اشیائے خوردونوش، اشیائے ضروریہ کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے ۔وزیر اعظم نے متنبہ کیا کہ ذخیرہ اندوزوں اور سمگلروں کو مثال بنادیا جائے گا۔بعدازاں ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابرافتخارکیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قومی حکمت عملی بنانے کے عمل میں مصروف ہیں،قوم کو وباسے بچانا ویراعظم کی اولین ترجیح ہے ،پوری قوم متحدہوکر کورونا وائرس کو شکست دے گی،وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل کمانڈاینڈ کنٹرول سنٹربنایاگیا،کورونا کے خلاف وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کررہی ہیں،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں کورونامتاثرین کاڈیٹاتشکیل دیں تاکہ ملکرحکمت عملی بنائیں،وزیراعظم نے آرمی چیف اور اداروں کی کاوشوں کوسراہا،وزیراعظم نے گندم کی کٹائی سے متعلق بروقت اقدامات کیلئے ہدایات کیں،وزیراعظم نے کہا کہ آٹے کی قلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،کورونا سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈکنٹرول سنٹر ہی خبر فراہم کریگا۔ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابرافتخارنے کہاکہ تین ماہ سے دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے ، 26فروری سے کورونا وائرس کا بطور قوم بھر پور مقابلہ کیالیکن غیر معینہ مدت کیلئے لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے ، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اور سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جوفرنٹ لائن پر وباکامقابلہ کررہے ہیں، صوبائی حکومتوں کو بھر پور تعاون فراہم کررہے ہیں،افواج پاکستان ملک کے کونے کونے میں موجودہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہارنگ ونسل سے بالاترہوکرکوروناکامقابلہ کرناہوگا،ضروری طبی اورروزمرہ کی اشیاٹارگٹڈعلاقوں میں پہنچانے کاانتظام کیاجارہاہے ،تمام وسائل کوبروئے کارلاکرروزانہ کی بنیادپرتمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں،کورونا سے نمٹنے کیلئے قوم کا تعاون سب سے اہم ہے ، عوام گھروں تک محدود رہ کر کورونا کو شکست دے سکتے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہاکہ علمائے کرام کا تعاون پر شکریہ ادا کرتاہوں،علمائے کرام نے عوام میں شعورپیداکرنے کاحق اداکیا،نیشنل کمانڈآپریشن سنٹراین سی سی کے تحت کام کررہاہے ،نیشنل کمانڈآپریشن سنٹرکی اسد عمرسربراہی کررہے ہیں۔میڈیا نے موجود ہ حالات میں اپنی ذمہ داری نبھائی ،کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے میڈیا کا بھرپور تعاون درکار ہے ۔