کورونا وبا کی نئی لہر کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ‘ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے زیادہ کیسز والے 11 بڑے شہروں میں پابندیاں عائد کرتے ہوئے نئے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔ این سی او سی سے جاری بیان کے مطابق گھر سے باہر‘ پبلک ٹرانسپورٹ‘ ہجوم والی جگہوں‘ بس سٹینڈز اورریلوے سٹیشنز پر ماسک پہننا لازم ہو گا۔ تمام بازار‘ شاپنگ مالز ‘ شادی ہالز‘ ریسٹورنٹس رات 10بجے اور تفریحی مقامات شام 6بجے بند کر دیے جائیں گے‘ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اس وقت ملک کورونا کی نئی لہر کی زد میں ہے۔ بدھ کے روز 24گھنٹوں میں 825نئے مریض سامنے آئے جبکہ مزید 14افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ کورونا وبا کی موجودہ خطرناک لہرحکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ لوگوں کی جانب سے بھرپور احتیاط کا تقاضا کرتی ہے۔ ملک کے ہر شہری کو چاہیے کہ وہ گھروں سے باہر کسی بھی جگہ ہر وقت ماسک کا استعمال لازم کر لیں‘ ہجوم کی جگہوں پر ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے‘ گلے ملنے سے اجتناب کریں‘۔ اپنی کام کی جگہ یا دفاتر میں بھی ایس او پیز کے مطابق عمل کریں کیونکہ موسم سرما میں موسم گرما کی نسبت کورونا وبا کے پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہے‘ اپنے ہاتھوں کو صابن سے بار بار دھونے کے عمل کے ذریعے وبا سے بچا جا سکتا ہے۔لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ دفاتر اورکام کی جگہوں پر جانے کے سوا پارکوں ،تفریحی مقامات اور ہجوم والی جگہوں پر جانے سے پرہیز کیا جائے تاکہ وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔