نیویارک، اسلام آباد، لاہور، بنکاک، مسقط، کیپ ٹائون( اے ایف پی ،92 نیوز رپورٹ، سپیشل رپورٹر ، آن لائن ، جنرل رپورٹر، نیٹ نیوز)کورونا ویرینٹ ’’اومی کرون‘‘ برطانیہ اورہالینڈ بھی پہنچ گیا ، وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان نے ہانگ کانگ اور6افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بھی مزید گر گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر صحت ساجدجاوید نے بتایا اومی کرون کی تشخیص نوٹنگھم اور برینٹ ووڈ کے 2افراد میں ہوئی ہے اور دونوں نے ہی جنوبی افریقہ کا سفر کیا تھا، دونوں کے اہلخانہ کو قرنطینہ میں جانے کا کہا گیا ہے ۔ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے رکن ممالک کا 4 سال بعد ہونیوالا اہم وزارتی اجلاس اومی کرون کے باعث آخری وقت پر موخر کر دیا گیا۔ادھراین سی او سی کے مطابق پاکستان نے ہانگ کانگ، جنوبی افریقہ، موزمبیق، نمیبیا، لیسوتھو، اسواتینی اور بوٹسوانا پرسفری پابندیاں عائد کی ہیں۔این سی اوسی کا کہنا ہے کہ تمام 7 مالک کو کیٹیگری سی میں شامل کیا گیا ہے ، ان ممالک سے مسافروں کی براہ راست اوربالواسطہ آمد پرفوری پابندی ہوگی۔ این سی او سی کے مطابق ایمرجنسی میں سفرکرنے والے پاکستانیوں کو سفر کی اجازت لینا ہوگی اور پاکستانی مسافروں کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ائیرپورٹ پر دکھانا ہوگا۔اس سے قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے اعلان کیا تھا۔ ادھر تھائی لینڈ ، عمان اور نیوزی لینڈ نے بھی کئی افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دیں ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یکم دسمبر سے جنوبی افریقہ سمیت 8 افریقی ممالک سے مسافروں کی تھائی لینڈ آمد پر پابندی ہوگی۔ عمان نے سات جبکہ نیوزی لینڈ نے نو افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی ہیں ۔ نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ایمرجنسی کا اطلاق 3 دسمبر سے ہوگا۔نیویارک کے گورنر کیتھی ہوچل کے مطابق نئے ویرینٹ کے خطرے کی علامات دیکھ رہے ہیں۔ ’اومی کرون‘ کا جرمنی میں بھی پہلا مشتبہ کیس سامنے آگیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق افریقی ممالک سے ہالینڈ پہنچنے والے 61 مسافروں میں بھی اومی کرون کی تشخیص ہوئی ہے ۔جنوبی افریقہ نے مختلف ممالک کی جانب سے سفری پابندیوں کے اعلانات پر شدید احتجاج کیا ۔جنوبی افریقہ کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ بعض ملکوں کے رد عمل غیر منصفانہ ہیں۔ یہ مسئلہ دنیا بھر کودرپیش ہے مگر انھیں قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے ،کورونا کی نئی خطرناک قسم نے عالمی منڈیوں کوبھی ہلا کر رکھ دیا۔اومی کرون وائرس کے بعد تیل کی قیمتیں 15فیصد گر گئیں۔برینٹ آئل مارکیٹ میں تیل کی قیمت 72.72ڈالر فی بیرل ہوگئی ۔ دریں اثنا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے 7 اموات ہوئیں جن میں سے 1 مریض وینٹیلیٹر پر جاں بحق ہوا۔ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 704 مریض انتقال کر چکے ہیں، اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 411 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کوروناکے 72نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی کل تعداد 442,886 ہو گئی ہے ۔ فیصل آباد اور لاہور سے دو ، دوجبکہ چنیوٹ سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے ۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 1.2 ، فیصل آباد میں 1.1 ، راولپنڈی میں 0.6 ، ملتان میں 0.4 اور گوجرانولہ میں 0.3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔