اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں میڈیا انڈسٹری اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لئے اقدامات کے حوالے سے پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی کا قیام پاکستان براڈ کارسٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیرِ اعظم کو بھیجے جانے والے خط کے بعد کیا گیا۔ کمیٹی وزیرِ تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی شہزاد اکبر، سیکرٹری اطلاعات اور ڈاکٹر شہباز گل پر مشتمل ہوگی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں میڈیا انڈسٹری کو ممکنہ بحران سے بچانے اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کی غرض سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے وزیرِ اعظم سے اندسٹری کے لئے حکومت کی جانب سے سپورٹ کی براہ راست درخواست کی تھی۔ کمیٹی کو پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کا جائزہ لینے اور مسائل کا حل کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے درپیش چیلنج سے نمٹنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے ، کوروناکے خلاف نبردآزما دیگر متعلقین کے ساتھ ساتھ صحافی اور میڈیا ورکرز بھی ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا ورکزر کے تحفظ اور انڈسٹری کی مشکلات کم کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔