اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید19افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد7160ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں2128نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 359032جبکہ فعال کیسز کی تعداد 28048ہو گئی،1379مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور323824صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید4مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ547نئے کیس سامنے آگئے ۔کوروناکی دوسری لہر کے پیش نظر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی سپیشل انسپکشنزکے بعد 11 شہروں کے 45نجی ہسپتالوں میں متاثرین کے علاج کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے مزید 10ملازمین کورونامیں مبتلا ہو گئے اور انکی مجموعی تعداد 17تک پہنچ گئی ، دیگرملازمین کی ٹیسٹ رپورٹس آنا ابھی باقی ہیں۔پنجاب یونیورسٹی میں جیالوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر میاں سہیل میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 3 مریض جاں بحق ہو گئے اور مریضوں کی تعداد 76ہو گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی کورونامیں مبتلا ہو گئے اورڈاکٹرز کی ہدایت پر خود کوقرنطینہ کرلیا۔ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مراد علی شاہ کو جمعہ کو بخار ہوا تھا،انکی طبیعت بہتر ہے ،تاہم معمول کی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹیلیفون کیا اور خیریت دریافت کی جبکہ جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے آرام کرنیکا بھی مشورہ دیا ۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کو فون کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔سندھ کے صوبائی وزیربرائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو ،رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن اور سیکرٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر عثمان چاچڑبھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اورخود کو قرنطینہ کر لیا۔ قومی ادارہ برائے امراض قلب کراچی کے تین ڈاکٹر اور چلڈرن ہسپتال نارتھ ناظم آباد کے 4 ڈاکٹر بھی کورونا کا شکار ہو گئے ۔دریں اثنا کورونا کی دوسری لہراورکیسز میں اضافے کے پیش نظرسندھ سیکرٹریٹ کے دروازے سائلین کیلئے بند کردیئے گئے ۔ ایس اوپیز کے تحت عام لوگوں کا داخلہ بند ہونے پرپیرکے روز سیکرٹریٹ گیٹ کے باہر سائلین کا رش لگ گیا۔سندھ سیکرٹریٹ میں محکمہ داخلہ سندھ اوردیگر محکموں کے کئی افسر واہلکارکورونا وائرس کا شکارہوچکے ہیں۔پشاور میں 22 طلبہ میں کوروناکی تصدیق پر5 سرکاری سکول 5 روز کیلئے بند کردیئے گئے ۔ خیبر پختونخوا میں 245 نئے مریض سامنے آئے اورمزید4افراد انتقال کرگئے ۔کرک اور ہری پور میں طلبہ کو کورونا ہونے پر 11سرکاری اور نجی سکولوں کو بند کر دیا گیا۔مسلم لیگ ن کے رہنما اورسابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پیر صابر شاہ بھی کورونا وبا کے شکارہوگئے اور خود کو آبائی گائوں سری کوٹ میں قرنطینہ کرلیا۔بلوچستان میں مزید 42کیس رپورٹ ہوئے ۔دنیا بھر میں ہلاکتیں13لاکھ30ہزارسے زائدہوگئیں۔ سعودی عرب کی حکومت نے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر دنیا بھر کیلئے سعودی وزٹ ویزے پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کردی۔ سعودی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ جب تک کورونا کی دوسری لہر میں کمی نہیں ہوتی دنیا بھر سے کوئی بھی شہری وزٹ ویزے پر سعودی عرب نہیں آسکتا۔ سعودی وزارت صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مملکت میں رواں ماہ کے دوران سب سے کم کیسز ریکارڈ کئے گئے ، جو گزشتہ 7 ماہ کے سب سے کم کیسز ہیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران 301نئے کیسز کا اندراج کیا گیا جبکہ 19 اموات ہوئی ہیں۔جرمنی میں کورونا لاک ڈاؤن ور پابندیوں کیخلاف لوگ سڑکوں پر آ گئے ، فرینکفرٹ میں سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا جن کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے واٹرکینن کا استعمال کیا۔ پولیس کیساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔جرمنی حکومت کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے تناظر میں ملک میں لاگو کورونا قواعد میں مزید سختی کی خواہاں ہے ۔ مجوزہ منصوبے کے مطابق پرائیویٹ اجتماعات پر ابتدائی طور پر کرسمس تک پابندی عائد کر دی جائیگی جبکہ سکولوں میں کلاس رومز کے اندر عام صورتحال کی نسبت طلبہ کی تعداد نصف کر دی جائیگی۔ نیویارک شہر میں سکول بند کردیئے گئے جبکہ فیصلہ کیا گیا ہے ریسٹورنٹس اور بازار رات 10 بجے بند کردیئے جائینگے ۔