کراچی(سٹاف رپورٹر؍ نیٹ نیوز) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے وفاقی حکومت سے کورونا ویکسین خریدنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا جس طرح کورونا کے ٹیسٹ سندھ حکومت نے مفت کئے ، اسی طرح ویکسین بھی مفت لگائی جائے گی لیکن ویکسین لگنے کے بعد بھی ماسک پہننا پڑے گا۔انہوں نے وفاقی حکومت سے کورونا ویکسین خریدنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اجازت دے تو ہم اپنے لوگوں کے لئے خود ویکسین خریدیں۔انہوں نے کہا پورے صوبے کے لئے ایک ساتھ کورونا ویکسین نہیں منگوا سکتے ، ہر مہینے تھوڑا تھوڑا خرچ کر کے منگوائیں گے ، ویکسین نجی شعبے سے بھی خرید کر لوگوں کو مفت لگانے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کروں گی۔انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے کورونا ویکسین کے لئے تین ہسپتالوں کے ڈائریکٹرز کو خط لکھا ہے ، ہم سے رابطہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا لگ رہا ہے ہم آخری ملک ہوں گے جس کے پاس کورونا ویکسین آئے گی۔انہوں نے کہا جب تک وائرس سے متاثر ہونے کی شرح 3 فیصد سے کم نہیں ہوجاتی، تعلیمی ادارے نہیں کھولنے چاہئیں۔