ریاض (این این آئی )سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے باور کرایا ہے کہ کورونا وائرس نے یہ ثابت کر دیا کہ غیر معمولی چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود سعودی عرب کی معیشت لچک دار اور مضبوط ہے ۔ مملکت نئے سیکٹروں میں سرمایہ کاری کامیاب بنا کر نمو اور ترقی کی سطح کو مضبوط تر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ شاہ سلمان کی جانب سے جاری یہ بیان سرمایہ کاری کے سعودی وزیر انجینئر خالد الفالح نے بزنس گروپ کے ورچوئل اجلاس کے پہلے روز پڑھ کر سنایا۔شاہ سلمان نے بیان میں مزیدکہا کہ جی 20 کیلئے سعودی عرب کی صدارت کا عمومی مقصد تمام لوگوں کے واسطے اکیس ویں صدی کے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے ۔ مملکت نے رواں سال گروپ کی صدارت کے دوران کورونا کی وبا کے انسانی، سماجی اور اقتصادی اثرات زیر بحث لانے پر توجہ مرکوز رکھی۔ جی 20 نے زیادہ غریب ممالک کو ترجیح دیتے ہوئے 14 ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی کو معطل کر دیا ۔جی20 سماجی تحفظ کے نظاموں کوتقویت کیلئے کوشاں ہے ۔