کراچی ( سٹاف رپورٹر، صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما اورسندھ کے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں عدالت میں حاضر نہ ہوئے تو ان سمیت ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔گزشتہ روز کراچی کی احتساب عدالت میں شرجیل میمن اور دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔اس موقع پر شرجیل میمن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔ عدالت نے شرجیل میمن کی میڈیکل رپورٹ طلب کرلی جبکہ انکی عدم حاضری کے باعث ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔عدالت نے مزیدسماعت 18 دسمبر تک ملتوی کردی جبکہ آئندہ سماعت پر تمام ملزموں کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔قبل ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کراچی نے شرجیل میمن کیخلاف شراب برآمدگی کیس کی سماعت 21دسمبر تک ملتوی کر دی تھی۔