اسلا م آباد ،لاہور ،کراچی ،پشاور،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا کی تیسری لہر نے پاکستان میں مزید105افرادکی جان لے لی جبکہ اموات کی مجموعی تعداد15229ہو گئی۔وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے آج اور کل بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.67فیصدہوگئی۔کوروناکے 5312نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد710829ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد69811ہو گئی،4116مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل625789صحتیاب ہو چکے ۔ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کورونا مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 81 فیصد ,لاہور میں 79 فیصد،گوجرانوالہ میں 88 فیصد اور بہاولپور میں 68 فیصد مریض ہیں۔اسی طرح آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 84 فیصد،راولپنڈی میں 64 فیصد،گجرات میں 80 فیصد اور گوجرانوالہ میں 85 فیصد مریض ہیں۔ ملک بھر میں کوروناکیلئے مختص وینٹی لیٹرز پر 509 مریض ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 2711نئے کیس سامنے آگئے اورمزید58مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد6851ہوگئی ۔ لاہورمیں 1347، قصور 18، شیخوپورہ 28، راولپنڈی 239، گوجرانوالہ 69 ،سیالکوٹ 49، ملتان 115، فیصل آباد 158، سرگودھا 96اوراوکاڑہ میں 21 کیس سامنے آئے ۔کورونا کے بڑھتے کیسز پر سیالکوٹ کے مزید 14علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔وہاڑی میں ٹیچر محمد بلال کورونا سے جاں بحق ہوگئے جبکہ درجنوں اساتذہ، سٹاف اور طلبہ کو بھی کورونا ہوگیا ۔اوکاڑہ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹرراؤ بابر حیات کورونا سے لڑتے ہوئے شہید ہو گیا۔ دریں اثنا صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی ہدایت پر محکمہ صحت پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے دستیاب وسائل کی تفصیلات جاری کر دیں۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں سے کورونا کے 173028مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل اعوان نے کہا کہ گزشتہ روز 737کورونا مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو واپس گئے ۔ صوبہ میں کورونا مریضوں کیلئے مختص 6286بستروں میں سے 4075خالی ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں 793 بستراور55 وینٹی لیٹرخالی ہیں۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لاہور کی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے کارروائیاں جاری ر ہیں ۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ مزید6دکانوں اور4ریسٹورنٹس کو سیل کیا گیا۔ ادھرخیبرپختونخوا میں کورونا سے ایک ہی دن میں 3 ڈاکٹر شہید ہو گئے جن میں سابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بونیر ڈاکٹر امیر سلطان ،سابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شانگلہ ڈاکٹر شاہی روم اور جنرل ہسپتال کے چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر حکیم شاہ شامل ہیں ۔محکمہ ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا نے ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی اور ا ندرون شہر پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔سندھ حکومت کی طرف سے بھی ہفتے میں 2 روزہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی اور انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ پرپابندی کے فیصلے پرآج سے اطلاق ہوگا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں29لاکھ22ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں کورونا سے مزید773اموات اور144829نئے کیس رپورٹ۔سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیرعمرعبداللہ بھی کورونا میں مبتلاہوگئے اور گھر میں تنہائی اختیار کرلی۔