اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید89افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد25978ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6.65فیصد رہی،4103نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس92941ہو گئے ،4717مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 4974مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ ابتک کورونا ویکسین کی کل 58156714خوراکیں لگائی جا چکی ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1388268افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ ابتک 18004529افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ۔ این سی او سی نے تمام وفاقی اکائیوں کو کہا ہے کہ وہ حالیہ اجلاس میں طے نئی پالیسی کے من و عن نفاذ کو یقینی بنائیں جس کے تحت بنیادی سہولیات کیلئے مکمل کورونا ویکسی نیشن کولازمی قراردیا گیا ہے ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندورن ملک فضائی سفر کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا جس کے تحت 10ستمبر سے اندورن ملک فضائی مسافروں کیلئے مکمل کورونا ویکسی نیشن اورسرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔ڈومیسٹک پروازوں پر18سال سے زائد عمر کے ویکسینیٹڈ افراد سفر کرسکیں گے ۔ سفر کے دوران فیس ماسک کا استعمال بھی لازمی ہوگا جبکہ ایئرپورٹس پر سماجی فاصلہ بھی ضروری ہوگا۔علاوہ ازیں مشیر تجارت عبد الرزاق دائودبھی کورونا میں مبتلاہوگئے اور خود کوگھر میں قرنطینہ کر لیا حکام وزارت تجارت کے مطابق عبدالرزاق دائود ویکسی نیشن مکمل کرا چکے ، وہ لاہور میں ایک فرد سے ملے تھے جس کا بھی بعد میں کوروناٹیسٹ مثبت آیا۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 1588نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 24311ہو گئے جبکہ لاہور کے 13سمیت صوبہ میں مزید44مریضوں کی جان چلی گئی۔ لاہور میں712،فیصل آباد 110،راولپنڈی101، ملتان68،بہاولپور47،گوجرانوالہ 43،سیالکوٹ 26،شیخوپورہ 12، قصورمیں10کیس رپورٹ ہوئے ۔ ڈی سی لاہور عمر شیرچٹھہ کے مطابق شہرمیں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 37دکانوں و ہوٹلوں کو سیل کردیا گیااورمختلف علاقوں میں 79 ہزار روپے کے جرمانے بھی کئے گئے جبکہ1ایف آئی آر کا اندراج کرایا گیا۔دریں اثنا سیکرٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نعیم اقبال سید نے لاہور بھر کے ڈی کلاس بس اڈوں اور جنرل بس سٹینڈز کے ہنگامی دورے کئے جبکہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر پر ٹرانسپورٹروں کیخلاف 3 مقدمات درج کئے گئے ،11گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بندکردیا گیا اور57کو بھاری جرمانے کئے گئے ۔ چیکنگ کے دوران ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے عملے کے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھی چیک کئے گئے ۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا سے اگست میں سب سے زیادہ930 اموات ہوئیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں45لاکھ50ہزار سے زائد ہو گئیں۔پوری دنیا میں 1کروڑ 86 لاکھ 63 ہزار 166 مریض ہیں جن میں سے 1لاکھ 4 ہزار 816 کی حالت تشویشناک ہے ۔