لاہور(جنرل رپورٹر) چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور ملحقہ ہسپتالوں کا دورہ کیا،دورے کا مقصد یونیورسٹی میں کورونا کے بار ے میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے یونیورسٹی کی کورونا سے متعلق کارکردگی پر بریفنگ دی ۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ میں اپنے ہیلتھ کئیر ورکرز ، مجاہدین، غازیوں اور شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس جنگ کو روکنے میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔میں چالیس سالوں سے پاک فوج سے منسلک ہوں اور میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ عوام الناس کی سب سے زیادہ ویلفیئر صحت اور تعلیم کے فروغ میں ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیکل پروفیشنلز کورونا میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت اور این ڈی ایم اے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور تمام تر حفاظتی سامان مہیا کیا جائے گا ۔ اس موقع پر انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں قائم شعبہ ٹیلی میڈیسن کا بھی دورہ کیا ۔