لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد (جنرل رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز ، خبر نگار، خبر نگار خصوصی) کورونا مریضوں کیلئے فائدہ مندہونے کے انکشاف پر انجکشن ڈیکسا میتھاسون اور دوائی ایزو میکس نایاب ہوگئے ، ڈسٹری بیوٹرز نے جزوی طور پر سپلائی روک دی، برطانوی تحقیق سامنے آنے پرانجکشن کی طلب میں اچانک اضافہ ہوگیا،بلیک میں فروخت سے قیمت بڑھنے کا خدشہ بھی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق انجکشن ڈیکسامیتھاسون برطانوی تحقیق سے قبل بھی کورونا کے درمیانے اور شدید درجہ کے بیمار مریضوں کو دیا جارہا تھا، ڈیکسامیتھاسون میڈیسن مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیاب تھی، تاہم تحقیق سامنے آنے پر انجکشن کی اچانک طلب بڑھنے سے اس کی قلت پیدا ہوگئی ، فارمیسیز اور میڈیکل سٹورز کو مطلوبہ مقدار میں انجکشن دینے کا سلسلہ فی الحال روک دیا گیا ، کراچی کے میڈیکل سٹورزسے ڈیکسا میتھاسون غائب ہونا شروع ہوگئی،دوا سازاداروں اورڈسٹری بیوٹرز نے اسکی قیمتوں میں 100 گنا اضافہ بھی کردیا ، ایزومیکس بھی نایاب ہوگئی ، میڈیکل سٹورمالکان کا کہنا ہے ذخیرہ اندوزوں نے ڈیکسامیتھا سون مارکیٹ سے اٹھانا شروع کردی ، پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن کے سینئروائس چیئرمین عبدالصمد بڈھانی نے بتایا کہ ڈیکسا میتھا سون انجکشن کی ہول سیل قیمت 450،ریٹیل قیمت 528 روپے تھی ، اب قیمت 800 سے 1000 تک چلی گئی ،ہول سیل کیمسٹ کونسل کے صدر عاطف بلوکاکہنا ہے کہ کمشنرکراچی کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے ۔ دوا کی قلت اورنرخ میں اضافے کے ذمہ دارہول سیلر نہیں،دوا سازکمپنیاں اورڈسٹری بیوٹرزہیں۔ پشاور سمیت خیبر پی کے میں بھی ڈیکسا میتھا سون انجکشن غائب ہوگئے اور اس کی قیمت قیمت 8 سو اور ایک ہزار تک جاپہنچی ، عوام پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف ڈاکٹر ظفر مرزا کی ہدایت پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ڈیکسا میتھا سون انجکشن پر ایڈوائزری جار ی کر دی ، ڈیکسامیتھاسون کی ڈاکٹر کے نسخے پر فروخت کرنے کی اجازت ہو گی، وفاق اور صوبوں کے ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں، ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کسی کو بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، ڈیکسامیتھاسون ملک میں کافی مقدار میں موجود ہے ۔