اسلام آباد،لاہور ،پشاور، واشنگٹن ( خبر نگار خصوصی ،جنرل رپورٹر،خبرنگار، نیوزایجنسیاں )ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 15 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 675 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا سے مجموعی اموات 6014 جبکہ متاثرین 281136 ہوگئے ۔ 254286 مریض صحتیاب ،872مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 165 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران مزید 4889مریض صحتیاب ہو گئے ۔فعال کیس 20836 رہ گئے ۔صحتیاب ہونیوالوں کی شرح90.4فیصد جبکہ مرنیوالوں کی شرح2.1فیصد ہے ۔ کورونا متاثرین اور اموات کے لحاظ سے صوبہ سندھ پہلے نمبر پر ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 11915 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ۔پنجاب میں کوروناکے مزید 4مریض چل بسے جبکہ235نئے کیس سامنے آگئے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق راولپنڈی54، لاہور 52،گوجرانوالہ 30،سیالکوٹ22،گجرات18، ملتان11، جہلم،راجن پور8،8،سرگودھا،بہاولپور6،6،فیصل آباد 3، وہاڑی ، بہاولنگر،لیہ ،ساہیوال ،پاکپتن 2،2،ننکانہ،نارووال، خانیوال ،لودھراں، قصور،اوکاڑہ میں 1،1کیس رپورٹ ہوا۔ابتک749135ٹیسٹ کیے جا چکے ۔ 85180 متاثرین صحتیاب ہو چکے ۔ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کی بہتر صورتحال کے پیش نظرصنعتوں کے اوقات کاربڑھانے کی منظوری دیدی۔ تمام صنعتیں اورفیکٹریاں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کر سکیں گی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) عثمان کے مطابق تعمیرات سے متعلقہ تمام شعبہ جات اور کاروبار بھی پورے ہفتہ کام کریں گے ۔کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے ۔حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے والے کاروبار بند کر دیے جائیں گے ۔حکومت کی جانب سے لگائی گئی گزشتہ پابندیاں اسی طرح نافذ عمل رہیں گی۔ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کا اطلاق فوری ہوگا۔خیبر پختونخوا حکومت نے عیدالاضحیٰ کے دوران کورونا کیسز میں کمی کے باوجود مانیٹرنگ سخت کرنے اور ٹیسٹوں کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین ایک کروڑ 88لاکھ جبکہ ہلاکتیں7لاکھ 7ہزار سے بڑھ گئیں۔ امریکہ میں متاثرین ساڑھے 49لاکھ جبکہ ہلاکتیں ایک لاکھ 61 ہزار ، بھارت میں متاثرین ساڑھے 19لاکھ جبکہ اموات 40 ہزار سے بڑھ گئیں۔ بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 56ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ۔فلپائن میں کیسز بڑھنے پر دوبارہ لاک ڈائون کردیا گیا جبکہ ہانگ کانگ میں پابندیوں میں گیارہ اگست تک توسیع کردی گئی۔برطانیہ میں حکومت کی ایٹ آئوٹ ہیلپ آئوٹ سکیم شروع ہونے پر ریستورانوں میں رش لگ گیا۔ ماہرین نے فرانس میں رواں سال کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیاہے ۔افغان وزیرصحت احمد جواد عثمانی نے کہا ہے افغانستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی ممکنہ تعداد 10 ملین کے قریب ہے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا ایک مطالعاتی رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ ملکی آبادی کا قریب ساڑھے 31 فیصد حصہ ممکنہ طور پر وائرس سے متاثر ہوا ہے ۔