اسلا م آباد ،لاہور ،کراچی،پشاور ،کوئٹہ ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92نیوزرپورٹ،بیورورپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید55افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد10772ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2123نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد508824ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد33102ہو گئی،2366مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل464950صحتیاب ہو چکے ۔اس وقت ملک میں مثبت کیسز کا تناسب 5.38 فیصد ہے ، سب سے زیادہ کورونا کیسز کا مثبت تناسب کراچی میں 14.56 فیصد،دوسرے نمبر پر پشاور میں 9.93 فیصد اور اسکے بعد میر پور میں 8.33 فیصد رہا۔ملک میں تشویشناک حالت والے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح 3.63 فیصد جبکہ لاہورمیں 5.96 فیصدہے ۔ دنیا میں کورونا سے ہونیوالی اموات کے 2.14 فیصد کے مقابلے میں ملک میں اموات کا تناسب 2.12 فیصد ہے جن میں سے 69 فیصد مرد ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید24مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ509نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 311،راولپنڈی20،ملتان میں 20 اور فیصل آبادمیں33کیسز رپورٹ ہوئے ۔ادھر حافظ آبادمیں کورونا سے رورل ہیلتھ سنٹر ونیکے تارڑ کے انچارج ڈاکٹر افتخار احمدبھٹی جاں بحق ہو گئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 5کورونامریض چل بسے ۔ملتان میں ڈی ایس پی انویسٹی گیشن شبینہ کریم اورڈی ایس پی پنجاب کانسٹیبلری عطیہ جعفری بھی کورونا میں مبتلا ہوگئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید14کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ1769نئے کیسزمیں سے 1458کراچی سے سامنے آئے ہیں۔ادھرحیدرآباد میں مزید 34 مریض سامنے آگئے ۔خیبر پختونخوا میں مزید4اموات ہوئیں جبکہ 359نئے مزیض سامنے آگئے ۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے ایکسائز غزن جمال بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے ۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز میں کمی آگئی ، پشاور کے ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعدادکم ہوکر 60فیصد جبکہ دیگر اضلاع میں30فیصدرہ گئی۔بلوچستان میں مزید 21کوروناکیس سامنے آگئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں19لاکھ79ہزار سے زائد ہو گئیں۔عالمی ادارہ صحت کی زیرسرپرستی ادارے کوویکس نے کہا ہے غریب ملکوں کو ویکسین فراہم کرنے کیلئے 6 ارب ڈالر کا فنڈ اکٹھا کیا ہے اور ویکسین کی 2 ارب خوراکوں کا آرڈر دیدیا ہے ۔ امریکہ میں پرواز کے ذریعے آنیوالے تمام مسافروں کیلئے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ لازمی قراردیدی گئی۔امریکی حکام کے مطابق مسافروں کو روانگی سے 3 دن پہلے کی منفی رپورٹ دینا ہوگی، نئی پالیسی پر 26 جنوری سے عملدرآمد شروع ہوگا ۔ بیلجیئم کے وزیر اعظم الیگزینڈرڈی کروو نے ملک میں کورونا پر عائد پابندیوں میں یکم مارچ تک توسیع کردی۔ بیلجیئم نے فرانس، جرمنی اور ہالینڈ سے ملنے والی سرحدوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی ۔یورپی میڈیا کاکہنا ہے کہ اس بار موسم بہار بھی کوروناکے باعث پابندیوں میں گزرے گا۔لبنان کی سپریم دفاعی کونسل کے آج سے گیارہ روز ہ مکمل لاک ڈائون کے نفاذ کے اعلان کے بعد شہری اور مکین تمام چھوٹی بڑی دکانوں اور سپر مارکیٹوں سے دھڑا دھڑ اشیائے ضروریہ خرید رہے ہیں۔خریداروں کے رش کی وجہ سے دکانوں سے اشیا غائب ہوگئیں۔ لاک ڈائون کے دوران پہلی مرتبہ سپر مارکیٹیں بھی مکمل بند کی جارہی ہیں جبکہ تمام بینک ، ریسٹورنٹس ، نجی ادارے ،سکول ، جامعات ، سپورٹس سٹیڈیم اور عبادت خانے بند رہیں گے ،ہرقسم کے اجتماعات اور تقاریب پر پابندی ہوگی۔