لاہور؍ اسلام آباد ( جنرل رپورٹر ؍ خبر نگار خصوصی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے 1063 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار 288 ہوگئی۔ملک میں ایک ہزار 179 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 227 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ سندھ میں جہاں اب تک سب سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے ہیں، وہیں مصدقہ مریضوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ایک لاکھ 19ہزار 398 ہے ۔پنجاب میں گزشتہ روز 173 نئے مریضوں کی شناخت ہوئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے مزید 27 افراد جاں بحق ہوئے ، سندھ میں 10، پنجاب میں8 ، خیبر پختونخوا میں 6، گلگت بلتستان میں 2 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ملک میں اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 5892 ہوگئی ہے ۔سندھ پولیس کے مزید 109 اہلکاروں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔علاوہ ازیں حکومت بلوچستان نے جمعہ تک بازار اور شاپنگ مال رات12بجے تک کھولنے کا اعلان کردیا۔آزاد کشمیر حکومت نے عیدالاضحیٰ پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے 29 جولائی سے 2 اگست تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے ۔محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد کشمیر بھر میں لاک ڈاؤن کا اطلاق 29 جولائی رات 12 بجے سے 2 اگست کی رات 12 بجے تک ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران سیاحوں کی آمد و رفت پر پابندی اور سیاحتی مقامات، پبلک پارکس مکمل بند رہیں گے ۔ادھر دنیابھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 70لاکھ ہوگئی جبکہ ہلاکتیں 6لاکھ 67 ہزار ہوگئی ہیں۔امریکہ میں گزشتہ روز 64 ہزار، بھارت میں 50 ہزار نئے مریض سامنے آئے ۔دریں اثناء حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں درزیوں، ڈرائی کلینرز، فرٹیلائزر اورایکسچینج کمپنیز کو لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ قرار د یدیا ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جا ری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق عید کے موقع پر بیرون ملک سے بھیجی جانے والی رقوم حاصل کرنے میں دشواری نہیں ہوگی،فصلوں پر بروقت زرعی ادویات کے استعمال کے پیش نظر فرٹیلائزر کمپنیوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈائون میں کھلے رکھے جانے والے تمام کاروبار حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا رہیں گے ، سمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد رش کے باعث کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے ۔