اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید86افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد24004ہو گئی جبکہ ملک بھر میں کورونا سے بچائو کیلئے ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد4کروڑ سے تجاوز کرگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.84 فیصد رہی، 3884نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز84427ہو گئے ،4530مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید 2669مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔دریں اثنا دریں اثنا این سی او سی نے علما کی سفارشات پر محرم الحرام کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردیں،تمام مجالس اور جلوس کورونا ایس او پیزکے تحت ہونگے ، ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ، تھرمل سکریننگ کویقینی بنایا جبکہ گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب کیا جائیگا۔مجالس اور جلوسوں میں ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک مہیا کئے جائیں گے ۔مجالس ہوادار اور کھلے کمروں میں ہونگی۔ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے انتظامیہ رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کر سکے گی۔علاوہ ازیں قومی ایئر لائن پی آئی اے نے تمام ملازمین کو 13 اگست تک ویکسین لگوانے کا حکم دیدیا،ڈیڈلائن کے بعد ویکسی نیشن نہ کرانیوالوں کو یومیہ 500 روپے جرمانہ ہوگا۔ اسلام آباد کے مزید 2 تعلیمی اداروں کو کورونا کیسز رپورٹ ہونے پرسیل کر دیاگیا۔ ڈی ایچ او کے مطابق ماڈل کالج فار گرلز مارگلہ ایف سیون فور میں 7 اور اسلام آباد ماڈل سکول ایف سکس فور میں8 کیس رپورٹ ہوئے ۔ پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، ہسپتالوں میں 1802 مریض زیر علاج ہیں۔ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 1144نئے کیس سامنے آگئے جبکہ لاہور کے 14سمیت صوبہ میں مزید38مریضوں کی جان چلی گئی۔لاہور میں533،راولپنڈی244،فیصل آباد36،شیخوپورہ8اور قصور میں 7 کیس رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 5.9 جبکہ لاہور میں 8.6 اورراولپنڈی میں 32.1 ریکارڈ کی گئی۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم کے مطابق پنجاب میں 20628471 شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی۔ادھرپاکپتن میں عرس بابا فرید الدین ؒ پر پابندی کے با وجود ملک بھر سے ہزاروں زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جس سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ادھرکراچی کے ضلع وسطی میں کورونا کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافے کے بعد ایک بار پھر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا گیا، 407 نئے مریضوں کی نشاندہی پر لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی اور گلبرگ کی متعدد یوسیز کو سیل کردیا گیا، آئندہ 14 روز تک ہر قسم کی نقل وحرکت پر پاپندی ہوگی۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں 43لاکھ25ہزار سے زائد ہو گئیں۔امریکی وزیر دفاع نے 15 ستمبر تک امریکی فوج کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی۔ امریکی ریاست میساچوسٹس میں ویکسین لگوانے کے باوجود کورونا میں مبتلا ہوکر مرنے والوں کی تعداد 100 ہوگئی۔کینیڈا نے ویکسین لگوانے والے امریکیوں کو ملک میں آنے کی اجازت دیدی۔ لندن کے اہم علاقہ وائٹ سٹی میں کورونا ویکسین کے مخالفین نے مظاہرے کرتے ہوئے برطانوی نشریاتی ادارے کے سٹوڈیو پر دھاوا بول دیا۔ احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین ویکسین پاسپورٹ اوربچوں کوویکسین لگانے کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔مظاہرین کا موقف تھا کہ سفرکیلئے پاسپورٹ کیساتھ ویکسین کومشروط قراردینا سراسر زیادتی ہے ۔ مظاہرین کی پولیس سے جھڑپ بھی ہوئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ میڈیا نے ویکسین اور لاک ڈائون کے بارے میں کئی سازشی نظریات کو فروغ دیا، فساد کی جڑ میڈیا ہے ، اسے ختم کرنا ہوگا۔پولیس حکام کا کہنا تھاکہ احتجاج کا مقصدبرطانوی نشریاتی ادارے کی کورونا وائرس کی کوریج ہے ، وائٹ سٹی سائٹ اب برطانوی نشریاتی ادارے کا سٹوڈیو آفس نہیں ۔امریکہ میں کورونا مریضوں میں اضافہ پر ریاست آرکنساس میں آئی سی یو بیڈ کم پڑ گئے ۔ آسٹریلیا کی ریاست نیو سائوتھ ویلز میں ریکارڈ کورونا کیس رپورٹ ہوئے ۔چین میں بھی کورونا سے مزید 143 افراد متاثر ہوگئے ۔