لاہور(سپورٹس ڈیسک) لیگ سپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے لمحات بہت تکلیف دہ تھے لیکن یقین تھا کہ یہ کٹھن وقت جلد گزر جائے گا۔ برطانیہ روانگی سے پہلے شاداب خان نے اپنے بیان میں کہاکہ کوویڈ 19 کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آنے پر بہت خوش ہوا ، سب سے پہلے والدین کو بتایا۔ میرے والدین ٹیسٹ مثبت آنے پر بہت پریشان ہو گئے تھے ۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی نے بڑا حوصلہ بڑھایااور رابطہ رکھ کر اکیلے ہوجانے کا احساس نہیں ہونے دیا۔لاہور میں کھلاڑیوں کے ساتھ دوبارہ ملنا بہت اچھا لگا۔ شاداب خان نے کہاکہ ٹیم پہلے چلی گئی ، پھر بھی کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں رہا۔ اب ٹیم کے ان ساتھیوں میں شامل ہونے کی خوشی ہے ۔شاداب خان کے مطابق سپن بولنگ کوچ مشتاق احمد ، فہیم اشرف اور موسی خان کے ساتھ رابطہ رہا۔