اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید36افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد12896ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 1392نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد581365ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد22098ہو گئی،1568مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل546371صحتیاب ہو چکے ۔دریں اثنا عالمی ادارہ صحت نے داخلی مقامات نگرانی کے نظام کو مستحکم کرنے کے ذریعے حکومت پاکستان کی کوروناپر ردعمل کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے 500 ملین روپے سے زائد کا عطیہ فراہم کیا ہے ۔ پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہیپالا نے ڈبلیو ایچ او کے کنٹری آفس اسلام آباد میں ایک پر وقار تقریب کے دوران عطیہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان کے حوالے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہیپالا نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت وبا پر قابو پانے کیلئے حکومت پاکستان کی انتھک کوششوں کو بھر پور سراہتا ہے اور آئندہ بھی تعاون کیلئے پرعزم ہے ۔ ہم پاکستان کو فوری اور مساوی طور پر ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ہم پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کی مربوط کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں۔ عطیہ میں 33 ایمبولینس گاڑیاں، 150 موٹر سائیکل، 12 دبل کیبن گاڑیاں اور لیبارٹری آلات شامل ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید13مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ705نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد5363ہوگئی ۔لاہورمیں 393،ننکانہ5،قصور 2،شیخو پورہ8،راولپنڈی38 اورفیصل آباد میں 56کیسز رپورٹ ہوئے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید3کورونامریض جاں بحق ہوگئے ۔ادھرخیبر پختونخوا میں کورونا کے مزید 6مریض جاں بحق ہوگئے ۔بلو چستان میں کورونا کے 17نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں25لاکھ47ہزارسے زائد ہو گئیں۔برطانیہ میں دو کروڑ لوگوں کو کورونا ویکسین لگا دی گئی،اگلے مرحلے مارچ میں چالیس برس سے زائد عمر شہریوں کو ٹیکے لگائے جائینگے ۔ برطانوی وزارت صحت کے مطابق ایک تہائی آبادی کو ویکسین کا کم ازکم ایک ٹیکہ لگ چکا۔ یوں یورپ میں برطانیہ سب سے زیادہ ویکسین لگانے والا ملک بن گیا۔وزیراعظم بورس جانسن نے برطانوی ہیلتھ سروس کے کردار کی تعریف کی اور اسے بڑی قومی کامیابی قرار دیا۔برطانوی طبی حکام نے کورونا وائرس کی ایک نئی قسم شناخت کی ہے جو اس سے قبل برازیلین شہر ماناؤس میں تشخیص کی گئی تھی۔ برطانیہ میں کورونا کی اس انتہائی متعدی شکل کے چھ مریض شناخت کئے گئے ہیں۔ کورونا کی یہ قسم ان افراد کو بھی نشانہ بنا سکتی جو پہلے متاثرہو چکے ۔ ادھر بھارت میں پیر سے ویکسی نیشن مہم کا نیا مرحلہ شروع ہو گیا جس کے تحت60 سال سے زائد عمر لوگوں کو ٹیکے لگا جارہے ۔بھارتی حکومت کے مطابق اب تک صحت کے ایک کروڑ عملے میں سے ساڑھے ساٹھ لاکھ سے زائد کو ویکسین دی جا چکی ۔متحدہ عرب امارات میں جنوری کے بعد کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد میں 22 فیصد تک کمی ہوئی ہے ۔البتہ یو اے ای میں کیسز کی شرح میں کمی کا رجحان اسرائیل اور برطانیہ سے کم ہے ۔ برازیل کے دارالحکومت برازیلیا میں کورونا پر قابو پانے کیلئے سخت پابندیاں عائد کی گئیں جن کیخلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پابندیاں فی الفور ختم کی جائیں کیونکہ وہ کام کرنا چاہتے ہیں۔یورپی یونین کے وزیر خارجہ جوزف بورل نے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین کی ویکسین کیخلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ۔ ہماری جمہوریت کیخلاف وسیع پیمانے پر ڈس انفارمیشن پھیلائی جارہی ہے ۔ ہم یورپی یونین کے نظام کی حفاظت کیلئے نئے آلات استعمال کرینگے ۔ روس اور چین کورونا وبا سے بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں اورہماری تشویش کو سمجھنے کیلئے تیار نہیں۔